روس میں کورونا وائرس کا پہلا ویکسین تیار

,

   

صدر پوٹن کی بیٹی کو پہلا ویکسین دیا گیا ،یکم ؍ جنوری 2021 ء سے سربراہی متوقع

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں کوروناوائرس کی ویکسین تیار کرلی گئی ہے۔ روس دنیا کا پہلا ملک ہے جس میں اس وباء کے خلاف ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ اس کے استعمال کیلئے اندراج ہو گیا ہے اور ان کی بیٹی کو پہلا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ منگل کو ایک سرکاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ٹسٹ سے ویکسین کا موثر ہونا ثابت ہوگیا ہے اور یہ کورونا کے خلاف دیرپا اثرات کی حامل ہے۔ پوٹن نے اس ویکسین کے موثر ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دو میں سے ایک بیٹی کو یہ ٹیکہ لگایا گیا اور وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہی ہے۔ دریں اثناء روسی حکام نے کہا ہیکہ یہ ٹیکہ سب سے پہلے میڈیکل ورکرز، اساتذہ اور دیگر رسک گروپس کو لگایا جائے گا۔ توقع ہیکہ یکم ؍ جنوری 2021ء سے یہ ویکسین گشت میں آجائے گا۔ روس کے وزیرصحت نے بتایا کہ گمالیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور روسی وزارت دفاع کی جانب سے مشترکہ طور پر کوویڈ۔19 ویکسین کو تیار کیا گیا ہے۔ وزیرصحت کے حوالہ سے بتایا گیا کہ اس ویکسین کو مرحلہ وار شہریوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے یہ ویکسین ان افراد کو دیا جائے گا جو متاثرہ افراد کے رابطہ میں آئے جن میں میڈیکل ورکرس شامل ہیں۔ روس کے راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ نے بتایا کہ ایک بلین ڈوس کی درخواست وصول ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شراکت دار 5 بیرونی ممالک کے ساتھ 500 ملین سے زیادہ ویکسین دوست کی تیاری کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاس نیوز ایجنسی کے مطابق پیداواری گنجائش کو بڑھانے پر بھی روس غور کررہا ہے۔ گمالیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تیار کردہ “Gam-Covid-Vac” کے دو اجزاء ہیں۔