روس پر معذور افراد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کا دعویٰ

   

نیویارک:اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی نے روس کے کنٹرول میں موجود یوکرینی علاقوں میں واقع مختلف یتیم خانوں اور ذہنی مریضوں کے مراکز سے معذور افراد کو فوری طور پر باہر نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔انسانی حقوق کے ادارے کا دعوی ہے کہ انہیں موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق روس ان علاقوں میں معذور افراد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور انہیں جس قسم کی مدد کی ضرورت ہے وہ انہیں نہیں دے رہا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے مقبوضہ علاقوں میں ذہنی یا جسمانی طور پر معذور افراد کیلئے قائم ایک مرکز میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہوئے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کی معذور افراد کے حقوق کیلئے کام کرنے والی کمیٹی نے کہا کہ وہ یوکرین اور ان کے روس کے ہاتھوں مقبوضہ علاقوں میں قائم ان مراکز میں معذور افراد کی حفاظت کے بارے میں بیحد فکر مند ہے۔کمیٹی کے نائب صدر جونس رسکس نے کہا کہ پہلے سے خراب صورت حال روسی جارحیت کے سبب اور بھی زیادہ خراب ہوتی جا رہی ہے۔ معذور بچوں اور ایسے افراد جنہیں پڑھنے لکھنے میں مشکل کا سامنا ہے، انہیں خاص خطرہ ہے۔رسکس نے یوکرین کے متعدد یتیم خانوں اور ذہنی مریضوں کے مراکز میں رہنے والے ہزاروں بچوں کو فوری طور پر وہاں سے باہر نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔