ماسکو : روس اورامریکہ کے درمیان جوہری تخفیف اسلحہ کے حوالہ سے رواں ہفتے مصرہونے والے مذاکرات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ روس کی وزارتِ خارجہ اورامریکی سفارتخانے نے سوموار کو الگ الگ بیان میں ان مذاکرات کے ملتوی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ دونوں ممالک کے حکام 29 نومبرسے6 دسمبرتک مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں ملاقات کرنے والے تھے تاکہ جوہری ہتھیاروں میں کمی کے نیواسٹارٹ معاہدہ کے تحت معائنہ دوبارہ شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ان مذاکرات کو کوویڈ۔19 کے وبائی مرض کی وجہ سے مارچ 2020 میں معطل کردیا گیا تھا۔وزارت نے کہاکہ قاہرہ میں امریکہ روس نیواسٹارٹ معاہدہ کے تحت دوطرفہ مشاورتی کمیشن کا پہلے سے طے شدہ اجلاس اب ان (29 نومبر سے 6 دسمبر) تاریخوں پرنہیں ہوگا۔ اس کو بعد کی تاریخ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔اجلاس کے التوا کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، جبکہ روسی اخبار کمرسانت نے امریکی سفارتخانے کے حوالے سے کہا ہیکہ یہ فیصلہ روس کا تھا۔روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے کسی پیشرفت کی توقعات کومسترد کردیا تھاحالانکہ یہ مذاکرات اس بات کی علامت تھے کہ دونوں فریق کم سے کم بات چیت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس وقت امریکہ اورروس کے درمیان سرد جنگ کے بعد سے دوطرفہ تعلقات اپنی کم ترین سطح پرہیں۔