ماسکو : روس نے فرانس، اٹلی اور اسپین کے درجنوں سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ روس میں فرانسیسی سفارتی مشن کے 34 ملازمین کو ملک بدر کررہا ہے جبکہ انہیں ملک چھوڑنے کے لیے دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ فرانس نے اپریل میں 35روسی سفارتکاروں کو ملک بدرکیاتھا جب کہ ان میں سے 6 کو ناپسندیدہ شخصیت بھی قرار دیاتھا۔ رپورٹس کے مطابق پیرس میں وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانس روس کی طرف سے اپنے سفارت کاروں کو نکالے جانے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ نے ایک اور بیان میں کہا کہ ماسکو میں اسپین کے سفارت خانے اور سینٹ پیٹرز برگ میں قونصلیٹ جنرل کے 27 ملازمین کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے اور ان کے پاس روس چھوڑنے کے لیے 7 دن ہوں گے۔روس کی جانب یہ فیصلہ اپریل میں اسپین کی جانب سے 27 روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے بدلے میں کیا گیا ہے۔