روس کا کیف پر فضائی حملہ، یوکرین کا 20 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

   

ماسکو : روس نے رات گئے یوکرین کے دارالحکومت پر فضائی حملہ کیا ہے جبکہ کئیف نے کم از کم 20 روسی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو کیف کے میئر ویٹالی کلٹشکو نے کہا کہ تباہ شدہ ڈرون کا ملبہ پیٹرول پمپ پر گرنے سے ایک 41 سالہ شخص ہلاک ہوا ہے، جبکہ روس کے کیئف پر حملے سے کم از کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔کیف کے میئر ویٹالی کلٹشکو نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام پر لکھا کہ فضائی دفاعی افواج کیف کی جانب بڑھنے والے بیس سے زائد ڈرونز کو تباہ کر چکی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مزید ڈرون حملوں کا خدشہ ہے لہٰذا شہری گھروں تک ہی محدود رہیں۔روئٹرز کے مطابق رات گئے فضائی حملوں کے دوران خطرے کے سائرن بجتے ہی اکثر شہری اپنے گھروں کی بیلکونی میں نکل آئے تھے جبکہ کچھ ’فضائی دفاع‘ کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔میئر ویٹالی کلٹشکو نے بتایا کہ ڈرون کا ملبہ سات منزلہ غیر رہائشی عمارت پر گرنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ یہ عمارت کیئف کے مغربی علاقے میں واقع ہے جو ریل اور فضائی سفر کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔جبکہ کیئف کے ایک تاریخی علاقے میں بھی نو منزلہ عمارت پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔سنیچر کو روسی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین نے متعدد ڈرون حملوں میں روس میں واقع تیل پائپ لائن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جس میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔