روشن مستقبل کیلئے تعلیم و ہنر کے میدان میں اپنا لوہا منوائیں

,

   

طلبہ کی رہبری کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ ہمیشہ سینہ سپر رہے گا، ورنگل میں تقسیم انعامات تقریب سے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کا خطاب

٭٭ خوابوں کی تعبیر کیلئے انتھک کاوشیں ضروری: گونڈہ پرکاش
٭٭ طلبہ اپنا نظام الاوقات بنائیں : ڈاکٹر شاہد مسعود
٭٭ تعلیم کی روشنی سے زندگی میں اُجالا، لائیں: ڈاکٹر انیتا ریڈی

ورنگل۔/7 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلیم سے انسان ذیشان ہوتا ہے، کرہ ارض پر تعلیم یافتہ افراد مثل ستاروں کے مانند ہوتے ہیں۔ قوموں کے عروج و زوال میں تعلیم کلیدی رول ادا کرتی ہے، علم کی حکمرانی کل بھی تھی ، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔ لڑکیوں کی تعلیم مستقبل کی روشنی ہے، آج مسابقتی دور، نمایاں کامیابی، سائنس و ٹکنالوجی وغیرہ تعلیمی میدان کے اہم تقاضے ہیں ان سے لیس ہوکر ترقی کی شاہراہ پر ترقی کے منازل طئے کرسکتے ہیں۔ ان حقائق کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ حیدرآباد نے آج الفیضان ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی ورنگل و ایچ ایم سوسائٹی ہنمکنڈہ کے اشتراک سے تعلیمی کٹ، نمایاں دسویں جماعت میں حاصل کردہ نشانات میں عابد علی خاں گولڈ کائن کی تقسیم آوری کے ضمن میں بمقام آبنوس فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل زیر صدارت شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر ورنگل رینج منعقدہ تقریب کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے انہوں نے حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالر شپس کے حصول کیلئے رہبری کرنے کی تلقین کی تاکہ طلبہ کی معاشی حالت مستحکم ہو اور تعلیمی سفر میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے ۔ الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی ورنگل کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے ان سرگرمیوں کی سراہنا کی۔طلبہ کو میزائیل میان ڈاکٹر عبدالکلام سابق صدر جمہوریہ ہند کی شخصیت کو آئیڈیل بناکر ان کی طرح ملک کیلئے خدمات انجام دینے کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ تعلیم و ہنر کے میدان میں اپنا لوہا منوائیں۔ طلبہ کی رہبری و تعلیمی امداد کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ ہمیشہ سینہ سپر رہے گا تاکہ بہتر معاشرہ تشکیل پاسکے۔ انہوں نے الفیضان ایجوکیشنل وویلفیر سوسائٹی ورنگل کے ذمہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گونڈہ پرکاش میئر ورنگل میونسپل کارپوریشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ بہترین خواب دیکھیں اور خوابوں کی تعبیر کیلئے انتھک کاوشیں کریں۔ طلبہ مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اسی نہج پر عمل پیرا ہوکر ایک عالمی شخصیت بن کر دیش کا نام روشن کریں۔ بختیار بیابانی جانشین سجادہ درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ نے تعلیم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلباء مستقبل کے قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ طلباء علم کے جوہر سے لیس ہوکر ملک و ملت کی خدمت کریں اور ملت کا اثاثہ بنیں۔

انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ کرم کی تکریم کریں۔ شاہد مسعود ڈائرٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے اپنی تقریر میں کہا کہ طلبہ اپنے میں سنجیدگی پیدا کریں، اپنا ٹائم ٹیبل تیار کریں، صبح جلدی اٹھ کر نماز اور دعا کے بعد حصول تعلیم میں مگن ہوجائیں۔ ایسے پروگرام طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ترغیب دیتے ہیں۔ ڈاکٹر انیتا ریڈی انوراگ سوسائٹی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ و پیراستہ ہوکر اپنی زندگیوں میں اُجالا و خوشحالی لائیں۔ اس موقع پر ٹوٹا ہریش ٹی آر ایس قائد، جناب سید مسعود ٹی آر ایس قائد، جناب سید اقبال محی الدین سکریٹری آئیڈیل ہائی اسکول باسط نگر صوبیداری، جناب محمد خواجہ معین الدین انچارج گورنمنٹ ہائی اسکول انتصار گنج ورنگل ، جناب سید منور حسین، جناب محمد خواجہ عظیم الدین، جناب محمد عظیم الدین محمودی مدرس، جناب حافظ حمایت محمودی، جناب سید حاجی پاشاہ، محترمہ قمر النساء ہیڈ مسٹریس، محترمہ حفصہ ٹیچر موجود تھے۔ اس موقع پر الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی ورنگل کے صدر خواجہ حسن شریف، جناب محمد مصلح الدین نواز، خازن خلیق الزماں، جوائنٹ سکریٹری ایم اے نعیم، سکریٹری جناب محمد شرف الدین محمودی، محمد رحیم الدین، ایم اے علیم، خواجہ معین الدین کے علاوہ ایچ ایم ویلفیر سوسائٹی کے ذمہ داران محمد فیروز اختر، خواجہ مجتبیٰ محمود، جناب محمد اشفاق حسین فیاض، خواجہ نیاز احمد، خواجہ مدثر محمود اور ایچ ایم سوسائٹی ہنمکنڈہ جناب محمد خواجہ مقصود محی الدین صدر ایچ ایم سوسائٹی، محمد قاسم نائب صدر اور خواجہ منصور محی الدین نائب صدر ایچ ایم ویلفیر سوسائٹی کمہار پلی مارکٹ ہنمکنڈہ کے علاوہ طلبہ ، اساتذہ ، صحافیوں، سماجی کارکنان و معززین موجود تھے۔ اس موقع پر دسویں جماعت کے ٹاپر سمرین کو نین اردو میڈیم ڈسٹرکٹ ٹاپر گورنمنٹ ہائی اسکول شمعون پیٹ ورنگل اور وی ویشنوی آئیڈیل ہائی اسکول صوبیداری کو مہمانان کے ہاتھوں عابد علی خاں صاحب سے موسوم گولڈ کائن سے نوازا گیا اور طلبہ میں تعلیمی کٹ تقسیم کئے گئے۔ اس جلسہ کا آغاز حافظ تعظیم رضا کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ ایم اے نعیم اسٹاف رپورٹر روز نامہ سیاست نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور جناب محمد شرف الدین محمودی نے اظہار تشکر کیا۔