روپیہ 62 پیسے ٹوٹ کر93 روپے فی ڈالر پر بند ہوا

   

ممبئی، 27نومبر (یو این آئی) تجارتی بینکوں کی جانب سے ڈالر کی خریداری بڑھائے جانے کے باعث بین بینکنگ کرنسی بازار میں جمعہ کو روپیہ 62 پیسے ٹوٹ کر 93 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔ ہندوستانی کرنسی میں یہ مسلسل دوسرے کاروباری دن گراوٹ ہے ۔ گزشتہ کاروباری دن بھی روپیہ 18 پیسے کمزور ہوکر 92.38 روپے فی ڈالر پر بند ہوا تھا۔ روپے پر آج صبح سے ہی دباؤ رہا۔ یہ 6 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 92.44 روپے فی ڈالر پر کھلا اور اس کے بعد مسلسل کمزور ہوتا گیا۔ کاروبار ختم ہونے سے پہلے یہ گر کر 93.01 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا۔
، تاہم آخر میں 93 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔ کاروباریوں نے بتایا کہ تجارتی بینکوں نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران روپے میں آئی مضبوطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈالر کی خریداری بڑھا دی۔ اس سے ہندوستانی کرنسی کمزور ہوئی۔ دنیا کی دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس میں 0.3 فیصد کی مضبوطی سے بھی روپے پر دباؤ بڑھا۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں ابتدائی تیزی کے بعد گراوٹ درج کی گئی۔ لندن کا برینٹ خام تیل کا مستقبل کا سودا نصف فیصد پھسل کر 96.1 ڈالر فی بیرل رہ گیا۔