حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے شہر کے بدنام زمانہ روڈی شیٹر ’’عنبرپیٹ شنکر‘‘ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف شہر کے ایک بلڈر کو مارپیٹ کرنے اور دھمکانے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 48 سالہ جی انجنیلو جو ایس ایل این آرکیڈ اپارٹمنٹ واقع گاجولا رامارم کا بلڈر ہے، اس نے 6 منزلہ مذکورہ اپارٹمنٹ کاکرلا سامبا سیوا راؤ کی شراکت داری سے تعمیر کیا تھا اور کچھ عرصہ بعد ان دونوں کے درمیان ملکیت کو لے کر تنازعہ پیدا ہوگیا چونکہ سامبا سیوا راؤ نے انجنیلو کی جائیدادوں کو ہڑپنے کی کوشش کی۔ 24 مئی کو سامبا سیوا راؤ نے شہر کے علاقہ عنبرپیٹ کے روڈی شیٹر شنکر عرف عنبرپیٹ شنکر کے ساتھ پہنچ کر تنازعات کی یکسوئی کرنے پر زبردستی کی اور دستاویزات پر جبراً دستخط کروانے کی بھی کوشش کی جس پر انجنیلو نے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ روڈی شیٹر عنبرپیٹ شنکر اور اس کے ساتھیوں نے انجنیلو پر حملہ کرتے ہوئے اسے زدوکوب کیا اور اس کو اور اس کے ارکان خاندان کو مار دینے کی دھمکی دی۔ اس سلسلے میں انجنیلو نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی۔ وہاں ایک پولیس انسپکٹر نے عنبرپیٹ شنکر اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔بj/