نئے گائیڈ لائنس پر عمل آوری ، دسہرہ تہوار کیلئے خصوصی بسوں کا وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جائزہ لیا
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت ریاست میں روڈ سیفٹی کے اقدامات کو مزید بہتر بناتے ہوئے حادثات کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عنقریب جامع گائیڈ لائن پر عمل کیا جائے گا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ تمام اضلاع میں روڈ سیفٹی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ کمیٹیاں حادثات کی روک تھام کیلئے ضلع نظم و نسق کو تجاویز پیش کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں اموات پر قابو پانے کیلئے ٹریفک قواعد پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے گائیڈ لائنس کے تحت ہر ضلع میں کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کا اجلاس ہر ماہ منعقد ہوگا ۔ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مقرر کئے جائیں گے اور یہ کمیٹیاں روڈ سیفٹی کا منصوبہ مقامی ضروریات کے مطابق طئے کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جات ، پولیس ، میڈیکل اینڈ ہیلت ، عمارت و شوارع ، تعلیم اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے روڈ سیفٹی کیلئے نوڈل آفیسرس کا تقرر کیا جانا چاہیئے ۔ ہر تین ماہ میں متعلقہ محکمہ جات کو روڈ سیفٹی کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعہ حادثات میں کمی پر توجہ اولین ترجیح ہے ۔ ریاستی سطح پر محکمہ جات کے درمیان تال میل کیلئے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس روڈ سیفٹی کو روڈ سیفٹی کونسل کا نگرانکار مقرر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکمہ جات میں بہتر تال میل کے ذریعہ ہی حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے آر ٹی سی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دسہرہ تہوار کیلئے آبائی مقامات جانے والے مسافرین کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں اور انہیں کوئی دشواری نہ ہو ۔ انہوں نے آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور دسہرہ تہوار کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ روانگی کے علاوہ تہوار کے بعد واپسی کے موقع پر بھی وسیع تر انتظامات کئے جائیں ۔ تہوار کے پیش نظر اعلیٰ عہدیداروں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 1/S