روہنگیا مہاجرین کے طویل قیام سے بنگلہ دیش کیلئے مشکلات:شیخ حسینہ

   

ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ ملک میں 10 لاکھ سے زیادہ روہنگیا پناہ گزینوں کا گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے کیمپوں میں طویل ہوتا ہوا قیام ڈھاکہ کے لیے سلامتی اور استحکام کے حوالے سے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے پیر کو کہا کہ اپنے مصائب کے علاوہ ہمسایہ ملک میانمار سے آئے روہنگیا پناہ گزینوں کی طویل موجودگی بنگلہ دیش کی معیشت، ماحولیات، سلامتی، سماجی اور سیاسی استحکام پر سنگین اثرات مرتب کر رہی ہے۔وہ امریکہ اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے ، علاقے کے 24 ممالک سے تعلق رکھنے والے فوجی حکام کے تین روزہ انڈو پیسیفک آرمیز مینجمنٹ سیمینار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔