رچرڈسن ورلڈکپ ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہاں

   

شارجہ ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی فاسٹ بولرکین رچرڈسن نے پاکستان کیخلاف ونڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کو اپنا نشانہ بناتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ کین ہندوستان کے دورے میں پہلے ٹی ٹونٹی سے قبل بیٹنگ پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے تھے ۔ رچرڈسن نے ہندوستان کے دورے سے محرومی کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف سیریز ان کی محرومی کا ازالہ کردے گی۔کین رچرڈسن کے مطابق ہندوستان کیخلاف ونڈے سیریز کی کامیابی سے ساتھی کھلاڑیوںکا حوصلہ بلند ہوا ہے جو جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے۔

بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات
ڈھاکہ ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا سانحہ کرائسٹ چرچ کے منفی اثرات سے کھلاڑیوں کو باہر نکالنے کے لیے بیرونی ملک کے ماہر نفسیات کی خدمات لینے کا فیصلہ۔کرکٹرز کولیکچرز کے ذریعے عام زندگی کی طرف واپس لایا جائے گا۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں میں بال بال بچی ۔ واقعہ کے بعد ٹسٹ سیریز منسوخ کرکے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے 24 گھنٹوں کے اند ر اندر وطن واپسی کے انتظامات کئے گئے۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کی وجہ سے کھلاڑی اس وقت خوف کی کیفیت میں مبتلا ہیں اورذہنی طور پر پر سکون نہیں۔ ذرائع کے بموجب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیئے ایک غیر ملکی ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی لیکچرز سے کونسلنگ کر کے خوف کی کیفیت سے نکالنا ہے تاکہ کرکٹرز کو عام زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔میڈیا سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے سانحہ کے متعلق بات چیت سے گریز کریں۔