حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) ایل بی نگر کے بی آر ایس رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کے خلاف ایس سی ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ سدھیر ریڈی پر ذات کا نام لے کر گالی دینے کی شکایت کرتے ہوئے ہستنا پورم کی کارپوریٹر سجاتا نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اِسی دوران تلنگانہ ویمنس کمیشن نے سدھیر ریڈی کے ریمارکس پر برہمی کا اظہار کیا۔ ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والی کارپوریٹر سجاتا نائک اور دیگر مہیلا قائدین نے آج ویمنس کمیشن سے رجوع ہوتے ہوئے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کے خلاف شکایت کی۔ کمیشن نے سدھیر ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت کے لئے رجوع ہونے کی ہدایت دی۔ سجاتا نائک نے جی ایچ ایم سی میں کانگریس کے فلور لیڈر راج شیکھر ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ مہیلا کمیشن کی صدرنشین این شاردا سے ملاقات کی اور تحریری طور پر شکایت درج کرائی۔ ایل بی نگر میں ترقیاتی کاموں کے افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی نے خاتون کارپوریٹر سجاتا کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے تھے۔ کمیشن سے درخواست کی گئی کہ رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا اور سدھیر ریڈی کو نوٹس جاری کی۔ 1