حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں سی بی آئی نے تحقیقات کو تیز کردیا ہے۔ گذشتہ پانچ دنوں سے کڑپہ کے پولی ویندولہ میں مقیم سی بی آئی عہدیداروں نے پھر ایک مرتبہ کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔ نوٹس میں 28 جنوری کو صبح 11 بجے حیدرآباد میں سی بی آئی دفتر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اویناش ریڈی کی قیامگاہ پر سی بی آئی کے 5 سے زائد عہدیدار پہنچے اور تقریباً 15 منٹ تک وہ مکان میں رہے۔ اس موقع پر اویناش ریڈی اور ان کے والد بھاسکر ریڈی گھر میں موجود نہیں تھے۔ سی بی آئی عہدیداروں نے ان دونوں کے بارے میں دریافت کیا اور نوٹس حوالے کرنے کے بعد روانہ ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی بی آئی عہدیداروں نے اویناش ریڈی کی قیامگاہ کے اطراف کا جائزہ لیا۔ تقریباً دیڑھ گھنٹے تک عہدیدار علاقہ کا دورہ کرتے رہے۔ انہوں نے مقتول ویویکانند ریڈی کی قیامگاہ کے اطراف علاقہ کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ سی بی آئی نے تحقیقات کیلئے رجوع ہونے رکن پارلیمنٹ کڑپہ اویناش ریڈی کو پہلے بھی نوٹس جاری کی تھی لیکن انہوں نے سی بی آئی کے روبرو پیش ہونے کیلئے وقت مانگا۔ر