رہانے کو صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت :ڈراویڈ

   

کانپور۔ ہندوستان کے کوچ راہول ڈراویڈ نے پہلا ٹسٹ دلچسپ انداز میں ڈرا ختم ہونے کے بعد واضح طور پرکہا کہ اجنکیا رہانے کو فارم میں لوٹنے کے لئے صرف ایک بہتراننگزکی ضرورت ہے جبکہ ممبئی میں ہونے والے اگلے ٹسٹ میں شریس ایّرکی جگہ پرکوئی بھی فیصلہ کرنا جلدبازی ہوگا۔ کانپور میں پہلا ٹسٹ ڈرا ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کپتان رہانے ابھی تک میچ کے نتائج کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے ۔ ان کی ٹیم جیت سے صرف ایک قدم دور تھی ۔ ایک طرف رہانے ، پچ، حکمت عملی اور ٹیم کے کھلاڑیوں کے بارے میں غوروخوض کررہے ہوں گے ۔
وہیں دوسری طرف ہندوستانی کوچ سے رہانے کے بارے میں پوچھا جارہا تھا۔ گزشتہ 16 ٹسٹ میچوں میں رہانے کا اوسط 24.39 کا رہا ہے جس میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ان کی سنچری بھی شامل ہے ۔ کانپورٹسٹ میں انہوں نے پہلی اننگز میں 35 اور دوسری اننگز میں 4 رنز بنائیں۔ ان کے پورے کیریر کا اوسط اب 40 سے بھی کم ہے اور ہندوستان میں ان کا اوسط 35.73 کا ہے ۔ ڈراویڈ سے پوچھا گیا کہ کیا ایرکو اگلے ٹسٹ کے لیے ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا، تو انہوں نے کہا ہم نے ممبئی میں اگلے ٹسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں کیا ہے ، ابھی اس کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ہم ابھی تک صرف اس ٹسٹ کے بارے میں ہی سوچ رہے ہیں۔ جب ہم ممبئی پہنچیں گے تو وہاں حالات اور پچ کو دیکھیں گے۔ہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر رکھیں گے ۔ وراٹ کوہلی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں گیگے اس لیے ان سے مشورہ کیا جائے گا۔ پھر ہم فیصلہ کریں گے کہ پلیئنگ الیون میں کون شامل ہوگا۔