ریاستیں چاہے الگ ہوں، تلگو قوم ایک ہے ۔ چندرابابوکا پیام

   

حیدرآباد 2 جون ( یو این آئی) تلنگانہ یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر سے ممتاز شخصیات نے ریاستی عوام کو مبارکباد دی۔اسی سلسلہ میں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا اگرچہ دونوں تلگو ریاستیں علیحدہ ہیں، لیکن تلگو عوام اور تلگو قوم ایک ہی ہیں۔ میری خواہش ہے کہ جہاں کہیں بھی تلگو عوام ہوں، وہ بلند مقام تک پہنچیں۔ تلنگانہ کے 11ویں یومِ تاسیس کے موقع پر میں یہاں کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میری یہ خواہش ہے کہ تلنگانہ ریاست کا ہر خاندان خوشحال ہو، خوشی و مسرت سے بھرپور زندگی گزارے اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے ۔ میری تمنا ہے کہ دونوں تلگو ریاستیں ترقی میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے ‘وکست بھارت 2047’ کے ہدف تک پہنچیں اور تلگو قوم ایک ناقابل تسخیر قوت کے طور پر ابھرے ۔ اس جدوجہد میں ہر تلگو شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔چندرابابو نائیڈو کے علاوہ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے بھی اس موقع پر ٹویٹ کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دی۔