ریاستی امور میں مرکز کی مداخلت دستور کے مغائر

   

مرکز و ریاستوں کے اختیارات دستور میں و اضح : سکھیندرریڈی
حیدرآباد 26 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدر نشین جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ دستور ہند کو حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے رہنما بنایا جانا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ سبھی کو مساوی مواقع ملیں اور سبھی سے انصاف ہو۔ انہوں نے یوم دستور تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کے امور میں سیاسی اغراض و مقاصد کے تحت مسلسل مداخلت دستور ہند کے مغائر ہے ۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ دستور کے تحت ہی تمام حکومتوں کو کام کرنا چاہئے تاکہ سبھی کو انصاف مل سکے اور سبھی کو مساوی مواقع دستیاب ہوسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دستور کی سبھی کو پابندی کرنی چاہئے ۔ مرکز اور ریاستوں کے اختیارات کا دستور میں واضح اندراج ہے اور مرکزی حکومت کو چاہئے کہ دستور میں ریاستوں کو دئے گئے اختیارات اور حقوق کا احترام کرے ۔ اسی کے ذریعہ وفاقی طرز حکمرانی کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کے دستور کے دفعہ 3 کے تحت ہی نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل ممکن ہوسکی ۔ دستور کے مطابق ہی سبھی کو کام کرنا چاہئے جس کے ذریعہ وفاقی حکمرانی کے نظام کو استحکام حاصل ہوسکتا ہے۔