ریاستی حکومت کی کارکردگی سے بی جے پی اور کانگریس برہم

   

کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل سے کسان اور عوام خوش، ریاستی وزیر کے ایشور کی پریس کانفر نس

حیدرآباد۔27اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی کارکردگی سے بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس دونوں ہی برہم ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا یقین ہوتا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات عوام کے دلوں میں گھر کرتی جا رہی ہیں اور اب انہیں تلنگانہ میں عوام نے مسترد کردیا ہے۔ریاستی وزیر بہبود مسٹر کے ایشور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے تمام اجازت ناموں کے حصول کے علاوہ طئے کردہ مدت میں کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعہ جو ریکارڈ قائم کیا ہے اس ریکارڈ سے اپوزیشن جماعتیں خائف ہوچکی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ریاستی حکومت مسائل کے حل کے سلسلہ میں جو اقدامات کر رہی ہے وہ اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہا ہے کیونکہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں ریاست کے پراجکٹس کے لئے اجازت کے حصول میں تک کامیاب نہیں ہوئی تھی جبکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے ریاست کی ترقی کیلئے انجام دیئے جانے والے پراجکٹ کو نہ صرف مکمل کیا ہے بلکہ تمام اجازت نامو ںکے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے۔مسٹر کے ایشور نے کہا کہ ریاست میں کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل نے ہی کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو خوف میں مبتلاء کردیا تھا اور اب پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ نے انہیں مزید تکلیف میں مبتلاء کردیا ہے جبکہ ریاستی حکومت کے اس پراجکٹ نے کسانوں اور عوام میں خوشی کی لہر پیدا کی ہے اورریاست کی زرعی اراضیات کے بہتر ہونے سے سب خوش ہیں سوائے اپوزیشن جماعتوں کے جو عوام کے درمیان گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتیں متحد ہوکر بھی اگر حکومت کے خلاف مہم چلاتی ہیں تو انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی کیونکہ حکومت تلنگانہ نے جو کام انجام دیئے ہیں ان تمام کاموں کو شفاف طریقہ سے انجام دینے کو ترجیح دی ہے اور حکومت نے جو کوئی فیصلہ کیا ہے وہ عوامی مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے ہوئے کیا ہے اسی لئے عوام کی تلنگانہ راشٹر سمیتی سے وابستگی میں کوئی کمی نہیں ہورہی ہے بلکہ عوام حکومت کی سراہنا کر رہے ہیں۔