عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رہے گی، گریجویٹ حلقہ سے کانگریس امیدوار کی تائید
حیدرآباد۔/12فروری، ( سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے ساتھ مفاہمت کے باوجود عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رہے گی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری اور رکن اسمبلی کے سامبا سیوا راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی مسائل پر ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے لیکن جب عوامی مسائل کا معاملہ آتا ہے تو وہ جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے وقت کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کی جائے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو روکنے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک بسوں کا انتظام خانگی افراد کو دیئے جانے کی سی پی آئی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں ہم خیال پارٹیوں سے مفاہمت کی جائے گی۔ کانگریس سے مفاہمت کی صورت میں مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جائے گا بصورت دیگر سی پی آئی اپنے زیر اثر علاقوں میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ماسوا دیگر پارٹیوں سے سی پی آئی مفاہمت کیلئے تیار ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے ایم ایل سی گریجویٹ حلقہ کے چناؤ میں کانگریس امیدوار اور ٹیچرس حلقہ جات میں ایس ٹی یو ٹیچرس تنظیم کے امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا۔ سی پی آئی قائد نے ریاستی وزراء اور عہدیداروں پر تنقید کی اور کہا کہ عوامی نمائندوں کے فون کرنے کے باوجود وزراء اور عہدیدار جواب دینے کی زحمت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مصروف ہونے کی صورت میں کم از کم بعد میں جواب دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض وزراء ملاقات کیلئے بھی وقت نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اور عہدیداروں کو اپنا رویہ ترک کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینی چاہیئے۔ سامبا سیوا راؤ نے تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہارکیا۔1