حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر افزائش مویشیاں ، سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت اس مہینے کی 31 تاریخ سے شروع ہونے والے گنیش تہوار کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات بہت شاندار طریقے سے کرے گی ۔ منگل کے روز نیکلس روڈ پر واقع بدھا بھون میں انہوں نے تہوار کے انتظامات اور وسرجن کے انتظامات کا مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار ، ایڈیشنل کمشنر سنتوش ، ویجلنس انفورسمنٹ ڈائرکٹر وشواجیت ، نارتھ زون ڈی سی پی چندنا دیپتی ، زونل کمشنر سرینواس ریڈی ، واٹر ورکس ای این سی کرشنا ، الیکٹریکل ڈی ای سریدھر ، آر اینڈ بی ایس ای عظمت اللہ ، اے سی پیز ، سی آئیز ، سکندرآباد گنیش مندر کمیٹی کے چیرمین جے راج ، سکندرآباد گنیش اتسو سمیتی کے صدر شیلم پربھاکر اور دیگر کئی نمائندوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت تمام تہواروں کا بہت ہی شاندار طریقے سے انعقاد عمل میں لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے اندر 35 ہزار سے زائد مورتیوں کی تنصیب کا امکان ہے اور بتایا کہ تمام محکموں کے زیر اہتمام بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ تہوار کے دوران عوام اور انتظامیہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 9 ستمبر کو گنیش کی مورتیوں کی بڑی تعداد کے وسرجن کے پیش نظر جن سڑکوں پر جلوس نکالا جائے گا وہاں بغیر کسی رکاوٹ کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔۔