8 فبروری سے بجٹ اجلاس کے آغاز اور 10 فبروری کو عبوری بجٹ پیش ہونے کا امکان
حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) اسمبلی کا بجٹ سیشن 8 فبروری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ پہلے دن دونوں ایوانوں سے گورنر ٹی سوندراراجن خطاب کریں گی، جسکے پیش نظر 4 فبروری اتوار کو کابینہ اجلاس ہورہا ہے۔ کابینی اجلاس میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے تمام محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کو جامع تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں اسمبلی بجٹ اجلاس کے انعقاد، مزید 2 گیارنٹی پر عمل ، گروپ I جائیدادوں پر تقررات، 4000 روپئے پنشن کی ادائیگی کے علاوہ دیگر اہم موضوعات پر گفتگو ہوگی اور اہم فیصلے کئے جانے کی توقع ہے۔ مرکزی حکومت نے مالیاتی سال 2024-25ء کیلئے یکم ؍ فبروری کو پارلیمنٹ میں عبوری بجٹ پیش کیا ہے، جس کے پیش نظر تلنگانہ حکومت بھی کابینہ اجلاس میں عبوری بجٹ پیش کرنے پر سنجیدگی سے غور کرکے قطعی فیصلہ کرے گی۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکزی حکومت مکمل بجٹ پیش کرے گی۔ اس بجٹ میں تلنگانہ کو مختص کئے جانے والے فنڈز کا جائزہ لینے کے بعد مکمل بجٹ پیش کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ تب تک عبوری بجٹ پیش کرکے کام چلانے کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 10 فبروری کو عبوری بجٹ پیش کیا جائے گا اور 12 فبروری سے 5 دن بجٹ سیشن چلایا جائیگا ۔ حکومت اسمبلی انتخابات کے دوران اعلان کردہ 6 ضمانتوں میں مزید 2 ضمانتوں پر عمل پر غور کررہی ہے۔ چہارشنبہ کو کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس فیصلے سے ساتھی وزراء کو واقف کرایا ہے۔ 500 روپئے میں گیس سلنڈر، اندراماں مکانات اور 200 یونٹ تک مفت برقی کی سربراہی میں 2 وعدوں پر عمل کی حکمت عملی تیار کرنے کی حکام کو ہدایت دی گئی جس پر کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔2