دونوں کی اتفاقی اور حادثاتی موت ، بین الاقوامی برادری کی ہندوستان پر توجہ
حیدرآباد۔28۔ڈسمبر(سیاست نیوز) روسی صدرولادمیر پوٹن کے مخالف روسی قائد کی ہندستانی ریاست اوڈیشہ کے ضلع رائے گڑھ میں مشتبہ موت اور اندرون دو یوم دو روسی شہریوں کی موت نے بین الاقوامی برادری کو ہندستان پر متوجہ کرنا شروع کردیا ہے اور بیشتر ممالک کی جانب سے ان اموات پر خصوصی توجہ دی جانے لگی ہے۔ ہندستان جو کہ روس کی یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں غیر جانبدار موقف اختیار کرنے کا مدعی ہے لیکن عالمی برادری ہندستان کو روس کے حامی کے طور پر دیکھ رہی ہے اور اس صورتحال میں روسی اسمبلی کے رکن و روس کے سرکردہ تاجر جو یوکرین جنگ کے مخالف ہیں ان کی اموات مشتبہ بن چکی ہیں لیکن اوڈیشہ حکومت کی اسپیشل برانچ نے 22ڈسمبر کو ولاد میر بائیدوناف کی موت کو حادثاتی قرار دیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بائیدوناف کی موت قلب پر حملہ کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ قلب پر حملہ کی وجوہات کے سلسلہ میں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بائیدوناف نے کثرت سے شراب نوشی کی تھی جس کی وجہ سے خون کا دوران تیز ہونے کے سبب قلب پر حملہ ہوا جس میں ان کی موت واقع ہوگئی ۔ بائیدوناف کی موت پر ظاہر کئے جانے والے شبہات کی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ وہ مزید دو روسی خاندانوں کے ساتھ ہندستان بغرض سیاحت پہنچے ہیں اور ان کے ہمراہ روس کے معروف تاجر و رکن پاویل انتاؤ بھی موجود تھے جن کی گذشتہ یوم ہوٹل کی چھت سے گرنے کے سبب موت واقع ہوگئی ۔ پاویل انتاؤ جو روس کی یوکرین کے خلاف کاروائیوں کے شدید مخالف ہیں اور وہ روسی صدر ولادمیر پوٹن کے شدید ناقدین میں شمار کئے جاتے ہیں وہ بھی اس گروپ میں شامل تھے جو کہ ہندستان کی سیاحت کے لئے پہنچا تھا۔ پاویل نے 22 ڈسمبر کو اپنے ساتھی کی موت کے بعد پولیس عہدیداروں کے ساتھ ہی تھے اور 24 ڈسمبر کو ان کے ساتھی بائیدوناف کی آخری رسومات کی ادائیگی میں بھی وہ شریک رہے آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد وہ اپنے ہوٹل سائی انٹرنیشنل پہنچے جہاں وہ سیڑھیوں کے ذریعہ ہوٹل کی چھت پر پہنچے لیکن چھت سے گرنے کے سبب ان کی موت واقع ہوچکی ہے۔ روس کے تاجر کی ہندستان میں ہوٹل کی چھت سے گرنے پر موت اور دو یوم قبل ان کے ساتھی کی قلب پر حملہ سے موت کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ یہ ایک اتفاقی اور حادثاتی موت ہے اسی لئے انہیں اس پر کوئی شبہات نہیں ہے۔م
لیکن عالمی برادری کی جانب سے روسی صدر کے ناقدین کی اموات پر مختلف شبہات کا اظہار کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ ان دونوں اموات کے متعلق غیر جانبدار ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔ذرائع کے مطابق ریاست اوڈیشہ میں ہونے والے ان اموات پر مرکزی حکومت کی مختلف ایجنسیوں اور وزارت خارجہ کی جانب سے بھی تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہیں۔م