چیف سکریٹری شانتی کماری کی ویڈیو کانفرنس ۔ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے پر زور ۔ عوام کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کا بھی مشورہ
حیدرآباد۔31۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست میں تمام ہنگامی خدمات سے متعلق محکمہ جات چوکس رہیں اور کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے سے نمٹنے تیار رہیں۔ حکومت تلنگانہ نے آئندہ دو یوم کے دوران موسلادھار و شدید ترین بارش کی پیش قیاسیوں کے بعد تمام محکمہ جات بالخصوص ہنگامی خدمات سے جڑے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدارو ں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہنگامی حالات سے نمٹنے تیار رہیں اور تباہ کن بارش کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے اقدامات کریں۔حکومت نے ریاست بھر میں بھاری بارش اور آئندہ 5یوم میں شدید بارشوں کی پیش قیاسی کو نظر میں رکھتے ہوئے جائزہ اجلاس منعقد کیا اور تمام اضلاع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ ریاست بھر کے تمام اضلاع میں چوکسی اختیار کرکے بارش کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکریٹری تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے تمام ضلع کلکٹرس اور محکمہ مال کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ اپنے عملہ کو چوکس رکھیں اور ضلع کے موسم کو نظر میں رکھتے ہوئے اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کا جائزہ لینے کے بعد اسکولوں کو تعطیل کے سلسلہ میں اپنے طور پر فیصلہ کریں ۔چیف سیکریٹری نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس منعقد میں انہیں نشیبی علاقوں کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت نے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد این ڈی آر ایف کے عملہ کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو اسکولس کو تعطیل کے متعلق حکومت کے احکامات کا انتظار کرنے کی بجائے موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے طور پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری راحت کاری اقدام کو یقینی بنانے کے علاوہ نشیبی علاقوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کاروائی کو تیز کیا جائے ۔ٹیلی کانفرنس میں چیف سیکریٹری نے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآبا دکے علاوہ نواحی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال کی پیش قیاسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں موسلادھار بارش کے سبب تباہی پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے اور نقصانات کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔محکمہ پولیس ‘ محکمہ صحت ‘ محکمہ بلدی نظم ونسق‘ محکمہ برقی و آبرسانی ‘ محکمہ مال ‘ محکمہ پنچایت راج کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس میں حکومت کی ہدایات کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری نے بتایا کہ اعلیٰ عہدیدار جنہیں ہنگامی صورتحال میں موجود ہونا چاہئے انہیں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں ۔انہوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی و محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر مین ہولس پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی طرح کے حادثہ سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ علاوہ ازیں محکمہ پنچایت راج کے عہدیدارو ں کو بھی دیہی علاقوں میں ڈرینیج نظام کے علاوہ پانی کے بہاؤ پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہو ںنے نشیبی علاقوں سے مکینوں کی منتقلی اور انہیں راحت کاری کیمپوں میں منتقل کرنے تمام تر انتظامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتظامیہ کو پابند بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے احتیاطی اقدامات میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔چیف سیکریٹری نے محکمہ موسمیات سے جاری انتباہ پر عہدیداروں کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو ریاست میں موسم کی صورتحال سے آگاہ رکھیں اور صورتحال میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کی صورت میں عوام کو میڈیابالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعہ صورتحال سے واقف کرواتے رہیں تاکہ غیر ضروری حمل ونقل سے عوام اپنے طور پر اجتناب کرکے احتیاط کو یقینی بناسکیں ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے ریاست بھر میں شہری حدود میں جاری بارش کی تفصیلات حاصل کیں اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہر مقام پر نقصانات کو ممکنہ حد تک کم سے کم کرنے کے لئے ہر ممکن احتیاطی اقدامات کریں۔3