ریاست بھر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ۔ مزید بارش کی پیش قیاسی

,

   

دریائے گوداوری کی خطرہ کے نشان سے اوپر۔تیسرے درجہ کا انتباہ جاری ۔ ورنگل کیلئے این ڈی آر ایف ٹیم روانہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے کے بموجب آئندہ دو یوم بھی موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ میں کہا گیا ہے کہ شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں آئندہ دو یوم شدید بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔ محکمہ آبی وسائل کی جانب سے گوداوری ندی کے خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے کے سبب تیسرے درجہ کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے جبکہ گذشتہ یوم گوداوری ندی میں پانی کی سطح کا جائزہ لیتے ہوئے دوسرے درجہ کا انتباہ جاری کیا گیا تھا لیکن گذشتہ 24گھنٹوں میں بارش کے بعد تیسرے درجہ کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔ ضلع رنگاریڈی کے علاقہ بالاپور جو کہ شہر کا نواحی علاقہ ہے میں 2مکانات شدید بارش کے دوران منہدم ہوگئے جہاں وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی نے دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔ مکانات کے انہدام سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ایمرجنسی ویجلنس حکام نے بتایا کہ ورنگل میں بارش کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد سے 40 افراد پر مشتمل این ڈی آر ایف کے عملہ کو روانہ کیا گیا تاکہ مقامی عہدیداروں و اہلکاروں کی راحت کاری کاموں میں مدد کی جاسکے ۔ شہر میں بارش کے دوران کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور کئی مقامات پرپولیس اہلکاروں کو پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا ۔

پرانے شہر کے علاقہ شبلی گنج‘نزد دودھ باؤلی میں ایک مکان کی قدیم خستہ دیوار کے منہدم ہونے کے خدشہ کے تحت حسینی علم پولیس حکام نے اس راستہ کو مقامی عوام سے مشاورت کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی قسم کا کوئی نقصان نہ ہو۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ مسلسل بارش کے سبب برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان کو حل کرنے اقدامات کئے گئے ہیں۔ شہر میں برقی تاروں کے گرنے کے علاوہ سربراہی میں خلل کی 100 شکایات موصول ہونے کی اطلاع ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے 16 اگسٹ کی دوپہر ریاستی حکومت کو انتباہ میں بتایاگیا کہ آئندہ 48گھنٹوں میں شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس سے ریلوے و سڑک کی ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مرکزی حکومت کی پانچویں نوٹس میں ریاست کو مشورہ دیا گیا کہ وہ تمام بلدیات اور ایمرجنسی عملہ کو متحرک رکھنے کے اقدامات کریں اور تالابوں‘ دریاؤں اور ذخائر آب کی سطح پر خصوصی نظر رکھیں۔ حکومت نے تمام اضلاع کے علاوہ شہر میں ایمرجنسی کنٹرول روم کے قیام کا اعلان کردیاہے اور محکمہ پولیس اور بلدیات کو متحرک کرکے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت شدید گھروں سے نہ نکلیں۔تلنگانہ و حیدرآباد میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ضلع آصف آباد‘ ورنگل‘ کریم نگر ‘ نظام آباد ‘ نرمل ‘ میدک ‘ کھمم اور دیگر علاقوں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے کیونکہ ان اضلاع میں مسلسل موسلادھار بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔