3 تا 20 جون ریونیو سدسو کا انعقاد، وزیر مال پی سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ آئندہ 2 ماہ میں تلنگانہ اراضیات کے تنازعات سے پاک ریاست بن جائے گی۔ آج انہوں نے ضلع جنگاؤں کے پالاکرتی کا دورہ کیا اور عوام سے خطاب میں کہاکہ ریاست میں 3 تا 20 جون ریونیو سدسو کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں اراضی کے تمام مسائل اور تنازعات کا حل برآمد ہوجائیگا۔ آئندہ 15 اگست تک اراضیات کے تنازعات سے پاک ریاست کے طور پر تلنگانہ ملک میں مثالی ریاست بن جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ عوام کا ایک روپیہ بھی خرچ کئے بغیر اراضیات کے جو ریکارڈس ہیں اُسے درست کیا جارہا ہے۔ ریاست کے تمام منڈلس میں سروے کرنے والوں کو تربیت فراہم کرنے کے بعد ہی اراضیات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، یہ ہمیشہ چلنے والا عمل ہے۔ وزیر مال نے کہاکہ ریاست میں ہر پیر کو اندراماں مکانات تعمیر کرنے والے کنٹراکٹرس کے بلز جاری کئے جائیں گے۔ مکانات منظور نہ ہونے پر عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ حکومت تمام اہل افراد میں مکانات تقسیم کررہی ہے۔ ہر غریب خاندان کو جن کے پاس سر چھپانے گھر نہیں ہے اُنھیں وعدے کے مطابق حکومت مکانات الاٹ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راجیو یوا وکاسم کیلئے توقع سے زیادہ درخواستیں وصول ہوئیں۔ اِس اسکیم کو بے قاعدگیوں سے پاک بنانے اور مستحق نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے درخواستوں کی جانچ میں کچھ تاخیر ہورہی ہے مگر حکومت ہر بے روزگار نوجوان سے انصاف کریگی اور اسکیم سے فائدہ پہونچائیگی۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے مطالبات کو حل کرنے عہدیداروں کی کمیٹی سے کابینی سب کمیٹی نے ملاقات کی ہے۔ عہدیداروں کی کمیٹی نے سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جو رپورٹ تیار کی ہے وہ سب کمیٹی کے حوالہ کردی۔ 5 جون کو منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس میں ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ ریاستی وزیر مال نے کہاکہ ریاست کے ہر غریب خاندان کو نئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔2