ریاست تلنگانہ کی معیشت مستحکم: بھٹی وکرامارکا

   

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے مستحکم مالی موقف کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی گھریلو پیداوار اور فی کس آمدنی کی شرح قومی شرح سے بہتر ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی جانب سے آج اسمبلی میں پیش کردہ بجٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ تلنگانہ کی معیشت مستحکم ترقی کے حصول پر گامزن ہے اور عالمی معاشی منظر نامہ میں جاری تبدیلیوں پر موثر انداز میں نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مالیاتی سال 2024-25 میں تلنگانہ کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار GSDP موجودہ شرحوں پر 1612579 کروڑ درج کی گئی جو گذشتہ سال کے مقابلہ 10.1 فیصد اضافی شرح ترقی ہے۔ اسی مدت کے دوران ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار 33103215 کروڑ درج کی گئی اور شرح ترقی 9.9 فیصد رہی۔ بھٹی وکرامارکا نے دعویٰ کیا کہ مالیاتی سال 2024-25 میں تلنگانہ کی فی کس آمدنی 9.6 فیصد شرح ترقی کے ساتھ 379751 روپئے درج کی گئی ہے جبکہ قومی سطح پر فی کس آمدنی 8.8 فیصد شرح ترقی کے ساتھ 205579 روپئے درج کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ فی کس آمدنی قومی شرح سے زیادہ تلنگانہ میں درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ کی فی کس آمدنی قومی فی کس آمدنی سے 1.8 گنا یعنی 174172 روپئے زائد ہے۔ ان اعداد و شمار کے ذریعہ ریاست کی مستحکم معاشی ترقی کا اظہار ہوتا ہے۔1