ریاست میں آئندہ 2 دن شدید گرمی کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔22اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ دو یوم کے دوران انتہائی شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق 24 اپریل سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور کہا جار ہاہے کہ ریاست کے کئی اضلاع کے ساتھ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں درجہ حرارت میں بے تحاشہ اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔تلنگانہ کے زائد از 19اضلاع میںگرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ اور گذشتہ 10 یوم سے جاری شدید گرمی میں دو دن کی کسی قدر راحت کے بعد دوبارہ درجہ حرارت میں اضافہ اور گرمی کی لہر کے آغاز کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ آئندہ 2یوم کے بعد شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 42ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرجانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر محکمہ صحت کو صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے ریڈ ‘ آرینج اور زرد الرٹ کی اجرائی اور رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کا مشورہ دیاگیا ہے۔3