عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں، بی آر ایس پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام
حیدرآباد19 جولائی (سیاست نیوز ) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے جھانسہ میں نہ آئیں کیونکہ حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ وعدہ کے مطابق حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کریگی۔ ممتاز تلگو شاعر آندے سری کی یاد میں قائم یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب میں ریونت ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت اور سابق چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور میں امتحانی پرچہ جات کا افشاء معمول بن چکا تھا۔ حتیٰ کہ گروپ امتحانات کے پرچہ جات کا افشاء کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کیلئے سنجیدہ قدم نہیں اٹھائے۔ انہوں نے کے ٹی آر پر تنقید کی اور کہا کہ 10 سال میں بے روزگاروں کو نظرانداز کرنے والے آج حکومت سے تقررات کا سوال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین نے پرچہ جات کے افشاء کے ذریعہ سینکڑوں کروڑ کی کمائی کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 70 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ بی آر ایس دور میں صرف کے سی آر خاندان اور قریبی افراد کو عہدے دیئے گئے جبکہ شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاوز میں بیٹھ کر کے سی آر حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کے خوابوں کی تکمیل کرکے حکومت تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کریگی ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء لکشمن کمار اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی موجود تھے۔
سی جے پی کے ’ چلو پارلیمنٹ ‘ مارچ کی حمایت ‘ شہر میںدھرنا
مطالبات کی عدم تکمیل پر احتجاج میں شدت پیدا کرنے شرکاء کا انتباہ
حیدرآباد19جولائی(سیاست نیوز) کاکروچ جنتا پارٹی کے ’چلو پارلیمنٹ ‘ مارچ کی حمایت اور طلبہ حقوق کے تحفظ و مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرکے بھوک ہڑتال کر رہے سونم وانگ چوک کو دواخانہ منتقل کرنے کے خلاف ’دھرنا چوک ‘ پر احتجاج کرکے طلبہ برادری نے 20 جولائی کو ’چلو پارلیمنٹ‘ سے اظہار یگانگت کا اعلان کیا مختلف طلبہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے دھرنا چوک پر مظاہرہ کے دوران مرکزی حکومت کی ہٹ دھرمی اورطلبہ برادری کو نشانہ بنانے پر احتجاج کرکے کہا کہ اگر حکومت ان کے مطالبات کو پورا نہیں کرتی تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ نوجوانوں اورطلبہ نے اعلان کیا کہ اگر سونم وانگ چوک کو پارلیمنٹ مارچ سے روکا گیا تو تمام شہروں میں احتجاجی مارچ نکالے جائیں گے ۔ سونم وانگ چوک نے ’جنتر منتر‘ سے منتقلی سے قبل ویڈیو میں 20جولائی کو ’چلو پارلیمنٹ‘ مارچ کا اعلان کرکے طلبہ سے اپیل کی تھی کہ وہ جہاں ہیں وہیں مارچ کریں ۔ دھرنے میں کارکنوں اور ذمہ داروں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ کی بیشتر جامعات میں 20 جولائی کو مرکز کے خلاف مظاہرہ کیا جائیگا ۔شرکاء نے کہا کہ اگر سونم وانگ چوک کو پارلیمنٹ مارچ سے روکنا کامیابی تصور کر رہی ہے تو یہ حکومت کی خام خیالی ہے۔ محترمہ خالدہ پروین نے کہا کہ گذشتہ 22 یوم سے اس مہم کو پر امن بنائے رکھنے میں طلبہ کامیاب رہے ہیں وہ دلیل ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل کی فکر ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ 71 سالہ بزرگ ہونے کے باوجود ان کے ساتھ ہیں۔3
سیکوریٹی کیلئے سابق وزیر پرساد راؤ کی درخواست ہائی کورٹ میں مسترد
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزیر جے پرساد راؤ کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے سیکوریٹی برخاست کرنے کے فیصلے کو چیالنج کیا تھا۔ جسٹس ٹی مادھوی دیوی نے واضح کیا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزیر حکومت کی سیکوریٹی کے مستحق نہیں ہیں اور حکومت کے فیصلے کو چیالنج نہیں کیا جاسکتا۔ جسٹس مادھوی دیوی نے کہا کہ سیکوریٹی کی برخاستگی کا فیصلہ دھمکی کی صورتحال کی بنیاد پر کیا گیا اور اس میں عدالت مداخلت نہیں کریگی۔ جلگم پرساد راؤ سابق چیف منسٹر جلگم وینگل راؤ کے فرزند ہیں۔