اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا افتتاح ، ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ایل بی نگر تا حیات نگر میٹرو ریل کو توسیع دینے کا اعلان کیا ۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں آج کے ٹی آر نے ناگول تا بنڈلہ گوڑہ تک تعمیر کردہ باکس ڈرین فتح اللہ گوڑہ تا مرزا گوڑہ ۔ لنک روڈ ۔ مکتی گھاٹ ۔ پالتو جانوروں کے شمشان گھاٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں 55 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوام ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے میٹرو ریل کو توسیع دینے کا مطالبہ کررہے ہیں جس پر وہ ہمدردی سے غور کررہے ہیں ۔ آئندہ بھی ریاست میں ٹی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی اور کے سی آر تیسری مرتبہ ریاست کے چیف منسٹر منتخب ہوں گے تب ایل بی نگر تا حیات نگر تک میٹرو ریل کو ضرور توسیع دی جائے گی ۔ فی الحال دوسرے مرحلے کے طور پر ناگول تا ایل بی نگر تک میٹرو ریل کی تعمیرات کو مکمل کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ترقی اور بہبود کا نشانہ مختص کرتے ہوئے 8 سال سے کام کیا جارہا ہے ۔ غریب عوام کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر انہیں بے حد اطمینان ہورہا ہے ۔ شادی مبارک ، کلیان لکشمی ، آسرا اسکیم ، کے سی آر کٹ اس طرح کئی اسکیمات کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ جن سے لاکھوں عوام استفادہ کررہے ہیں ۔ شہری اور دیہی علاقوں کو مساوی ترقی دی جارہی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے وقت فی کس آمدنی 1.24 لاکھ تھی جو اب بڑھ کر 2.78 لاکھ ہوگئی ہے ۔ جو سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے وقت ریاست کی جی ایس ڈی پی 5.6 لاکھ کروڑ تھی جو اب بڑھ کر 11.55 لاکھ کروڑ ہوگئی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ یہ سب چھومنتر یا علا الدین چراغ کے جن سے نہیں ہوا ۔ بلکہ ترقی اور بہبود کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت وعدوں سے زیادہ عمل پر یقین رکھتی ہے ۔ تصاویر یا فوٹو فنشینگ تک محدود نہیں رہتی ۔ عوام کے درمیان پہونچکر کام کرتی ہے ۔ مرکزی حکومت نے ملک بھر کے 20 گاؤں کو مثالی گاوں کا ایوارڈ دیا ہے ۔ اس فہرست میں 19 گاوں ریاست تلنگانہ کے ہیں ۔ شجرکاری پروگرام کے تحت ریاست میں 240 کروڑ پودے لگائے گئے ہیں ۔ حکومت کے ہریتا ہرم پروگرام سے ریاست کے سرسبز و شاداب کا تناسب 24 فیصد سے بڑھ کر 31.7 فیصد تک پہونچ گیا ہے۔۔ ن