ریاست میں جلد ہی ’ اندراماں اندلو ‘ اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا

   

عوام سے کئے گئے وعدوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے حکومت سرگرم ۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کا دعوی

حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں جلد ہی حکومت ’اندراماں اندلو‘ اسکیم پر عمل آوری کے اقدامات کرے گی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نگرانی میں حکومت کی جانب سے ایک اور ضمانت پر جلد عمل آوری کا آغاز کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ترقی کے اقدامات کو حسب وعدہ پورا کر رہی ہے۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اقدامات سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں اور حکومت نے جو وعدے کئے تھے انہیں معینہ وقت میں پورا کرنے کے اقدامات کے ذریعہ عوام میں اعتماد پیدا کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اندرون 60 یوم 25 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات اورمیگا ڈی ایس سی کے انعقاد کیلئے اعلامیہ کی اجرائی سے نوجوانوں میں اعتماد پیدا کیا گیا ہے اور جلد ہی حکومت کی جانب سے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ شفاف طریقہ سے تقررات کے عمل کو مکمل کرنے اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی محکمہ مال میں جاری بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کو خت مرکنے اقدامات شروع کئے اور دھرانی پورٹل کے متعلق شکایات کے حل کیلئے جنگی خطوط پر کاروائی کی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے عوام سے جووعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کے اقدامات کو یقینی بناکر ریاست کے تمام محکمہ جات کی ترقی کو یقینی بنا رہی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت سے تلنگانہ عوام کو تعلیمی ‘ طبی و بہتر انفراسٹرکچر کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت سنگارینی کالریز کے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے بھی اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کئی شعبوں میں حکمرانی کو بہتر بنانے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت جاری کرکے ان کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ سابقہ حکومت کے طریقہ کار کو ختم کیا جاسکے اور عوامی حکمرانی کو قینی بنایا جاسکے۔ انہو ںنے بتایا کہ عام انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل ریاست میں حکومت کی جانب سے ایک اور ضمانت پر عمل کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام سے کئے گئے بیشتر وعدوں کو مکمل کیاجاسکے۔3