ریاست میں ماہ نومبر سے اراضیات کی قیمتوں پر نظرثانی

   

ماہ اکٹوبر سے نئے قانون آر او اور 2024 نافذ کرنے کا عمل آخری مراحل میں

حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن نے ریاست بھر میں اراضیات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد مارکٹ قدر کی نظرثانی کا عمل تقریباً مکمل کرلیا ہے۔ ماہ نومبر سے اس کو نافذ کرنے کی تیاریاںکی جارہی ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے عنقریب ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی کو رپورٹ پیش کی جائے گی جس کے بعد حکومت اراضیات کی نظرشدہ قیمتوں پر عمل آوری کرے گی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ریاست میں موجود قیمتیں تقریباً برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل اور ملکاجگری اضلاع میں اراضیات کی عام قیمت مارکٹ قدر سے زیادہ ہے، جس میں کچھ اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ اضلاع کھمم، عادل آباد اور دیگر اضلاع میں عام قیمتوں سے مارکٹ قدر زیادہ ہے جس کے مطابق ان اضلاع میں قیمتیں کچھ حد تک کم ہوسکتی ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ رجسٹریشن کے موجودہ 7.5 فیصد چارجس کو کم کرنے کے امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔ حکومت سے نئے ریونیو ایکٹ (آر او آر) 2024ء کو لاگو کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جمعرات کو محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری نوین متل نے اس سلسلہ میں دھرانی کمیٹی کے ارکان سنیل کمار، کودنڈا ریڈی اور دیگر سے ملاقات کی ہے۔ دھرانی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے نئے قانون میں کئی نکات کو شامل کیا ہے اور دھرانی پورٹل میں تبدیلیوں کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گذشتہ ماہ محکمہ مال کی جانب سے (ROR) 2024ء پر تجاویز طلب کی تھی اور انہیں نئے ایکٹ میں شامل کرنے کے انتظامات کئے تھے۔ اکٹوبر میں اس عمل کو مکمل کرتے ہوئے نئے قانون کو عمل میں لانے کا محکمہ مال نے فیصلہ کیا ہے۔2