ریاست میں ’پرجا پالنا‘ پروگرام منعقد کرنے حکومت کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) نظم و نسق کو عوام کی دہلیز تک لے جانے کے ایک اقدام میں ریاست میں کانگریس حکومت نے 28 ڈسمبر تا 6 جنوری ’پرجا پالنا‘ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 24 ڈسمبر کو 10 بجے دن سکریٹریٹ میں ڈسٹرکٹ کلکٹرس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے مجوزہ ’پرجا پالنا‘ پروگرام پر عملدرآمد کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ محکمہ ریونیو کی جانب سے کل جاری کئے گئے ایک سرکیولر کے مطابق کلکٹرس کو ان کے متعلقہ اضلاع میں اس پروگرام کے پلان اور ضروری معلومات کے ساتھ اس کانفرنس میں شرکت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگرچیکہ پرجاپالنا پروگرام کی مکمل تفصیلات کا فوری طور پر علم نہیں ہوا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام کے مسائل کو برسرموقع حل کرنا ہے۔