ریاست کی تمام جیلوں میں قیدیوں کیلئے سحر و افطار کا انتظام

   

سماجی فاصلہ کے ساتھ نمازوں کی اجازت، جیل عہدیداروں سے قمر الدین کی بات چیت
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس محابس سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے جیلوں میں مسلم قیدیوں کو رمضان المبارک کے دوران فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ جیلوں میں سحر اور روزہ کا اہتمام کرنے والے قیدیوں کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈائرکٹر جنرل محابس راجیو ترویدی ( آئی پی ایس ) نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کو بتایا کہ سحر اور افطار میں کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مسلم قیدیوں کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سحر کیلئے ایک بجے رات کو پکوان کیا جارہا ہے جو مسلم قیدیوں میں سربراہ کیا جاتا ہے۔ افطار کے موقع پر فروٹس سربراہ کئے جارہے ہیں۔ راجیو ترویدی نے بتایا کہ پنجوقتہ نمازوں اور تراویح کا اہتمام سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے کیا جارہا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل چنچلگوڑہ سرینواس نے بتایا کہ جیل میں 600 مسلم قیدی ہیں ان میں سے 360 روزہ کا اہتمام کررہے ہیں۔ جیل حکام کی جانب سے سحر اور افطار کے تمام انتظامات کئے گئے۔ سپرنٹنڈنٹ چرلہ پلی جیل سمپت نے بتایا کہ جیل میں موجود 371 مسلم قیدیوں کے منجملہ 144 روزہ ہیں انہیں دو وقت کھانا اور افطار میں فروٹس دیئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ورنگل جیل کالیداس نے بتایا کہ 50 مسلم قیدیوں میں سے 45 روزہ سے ہیں اور انہیں سحر اور افطار میں ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جیل میں نمازوں کا بھی انتظام ہے۔ سپرنٹنڈنٹ ویمنس جیل چنچلگوڑہ شریمتی لکشمی سرینادھ نے بتایا کہ 27 خاتون مسلم قیدیوں کے منجملہ 24 روزہ کا اہتمام کررہے ہیں ۔ انہیں دو وقت کا کھانا اور افطار سربراہ کیا جارہا ہے۔ انسپکٹر جنرل محابس جی سیدیا نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ اور سب جیلوں میں مسلم قیدیوں کو سحر اور افطار کے موقع پر کھانے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ نماز اور تراویح کا اہتمام سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کیا جارہا ہے۔