ریاست کے 32 اضلاع میں پٹرول پمپس قائم کرنے کا اعلان

   

صدرنشین ریاستی سیول سپلائز سردار رویندر سنگھ کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی سیول سپلائز سردار رویندر سنگھ نے سوائے حیدرآباد کے ریاست کے 32 اضلاع میں پٹرول پمپس اور ہر ضلع میں ایل پی جی سنٹرس قائم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ سردار رویندر سنگھ نے سیول سپلائز کارپوریشن کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کارپوریشن کے تین پٹرول پمپس اور 11 ایل پی جی سنٹرس ہیں جس سے کارپوریشن کو سالانہ 5 کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے۔ مستقبل میں کارپوریشن کی سالانہ آمدنی 20 کروڑ روپئے تک پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ صدرنشین سیول سپلائز کارپوریشن نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہزار کروڑ روپئے کی سبسیڈی کا بوجھ برداشت کرتے ہوئے غریب عوام کو ایک روپیہ فی کیلو چاول تقسیم کررہے ہیں۔ تمام اہل افراد تک چاول فراہم کرنے کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ چاول کی غیرقانونی منتقلی اور ری سیکلنگ کو روکنے کیلئے انفورسمنٹ عہدیداروں کو اضلاع کے اچانک دورہ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ سرکاری اسکولس اور ویلفیر ہاسٹلس کو دوپہر کے کھانے کی اسکیم کیلئے سربراہ کئے جانے والے چاول کے معیار کو جانچنے اور طلبہ کے ساتھ لنچ کرنے کا ضلاع کے منیجرس کو مشورہ دیا۔ن