وزیر صحت ہریش راؤ کا خیرمقدم ، داخلوں کیلئے 6540 ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر ( سیاست نیوز) وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ میں رواں طبی تعلیمی سال 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 1200 ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلوں کیلئے منظوری ملنے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایک ہی سال 1200 ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلوں کی اجازت ملنا تاریخ کا پہلا واقعہ ہے ۔ آج پریس کانفرنس سے خطاب میںہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تمام شعبہ جات تیزی سے ترقی کررہے ہیں جن میں محکمہ طب بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تلنگانہ تحریک کے دوران جو بھی وعدے کئے تھے ان کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش کے دوران تلنگانہ میں صرف تین گورنمنٹ میڈیکل کالجس تھے گذشتہ 7سال میں سرکاری میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 17تک پہنچ گئی ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال 8 میڈیکل کالجس کو منظوری ملی ہے ۔ ہر کالج کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے فی کس 510کروڑ روپئے منظور کئے ۔ اس طرح جملہ 4080 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ ریاستی عوام کی طرف سے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ ان 8 میڈیکل کالجس کو میڈیکل کونسل سے منظوری پانے کی کوشش کرنے والے عہدیداروں کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب علحدہ تلنگانہ کی تشکیل ہوئی تھی تب سرکاری میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس کی صرف 850 نشستیں تھی ۔ جاریہ طبی تعلیمی سال گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس کی نشستیں 2901 تک پہنچ گئی ہے ۔ اس کے بعد تلنگانہ طلبہ کو طبی تعلیم حاصل کرنے یوکرین ، چین ، فلپائن کا رُخ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ طبی تعلیمی سال میں سرکاری اور خانگی میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے 6540 نشستیں دستیاب ہیں جبکہ 2014 میں صرف 2600 نشستیں دستیاب تھیں ۔ اس کے علاوہ آیوش ، ایورویدا ، یونانی جیسے شعبوں میں طبی نشستیں دستیاب ہیں ۔ بی زمرہ میں 85 فیصد نشستوں کو لوکل کوٹہ فراہم کیا گیا ہے جس سے مزید 1067 نشستیں تلنگانہ طلبہ کو دستیاب ہوں گی ۔ ن