ریاض ائرپورٹ پر حوثیوں کے حملے میں حیدرآبادکے یوسف علی جاں بحق

   

دو لڑکے زخمی ۔ اہلیہ اور ایک دختر محفوظ ۔ ادائیگی عمرہ کیلئے جانے افراد خاندان کے ساتھ ائرپورٹ پہونچے تھے

ایس ایم بلال
حیدرآباد 11 اکتوبر : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملہ میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک سافٹ ویر انجینئر ہلاک ہوگیا جبکہ ان کے دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 45 سالہ آئی ٹی انجینئر محمد یوسف علی جن کا تعلق شہر کے علاقہ مہدی پٹنم سے ہے اور وہ گریس پیراڈائز اپارٹمنٹ کے مقیم تھے۔ یوسف علی گزشتہ 10 سال سے ریاض میں آئی ٹی انجینئر کی حیثیت سے برسر خدمت تھے اور 10 دن قبل اپنی بیوی اور بچوں کو عمرہ کیلئے سعودی عرب بلایا تھا۔ عمرہ کیلئے روانگی کی نیت سے یوسف علی ان کی اہلیہ اور 3 بچے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ کر مدینہ فلائٹ کیلئے لاؤنج میں انتظار کررہے تھے کہ حوثیوں کا میزائل حملہ ہوا اور لاؤنج کا ملبہ یوسف علی اور ان کے افراد خاندان پر گر پڑا۔ اس حادثہ میں یوسف علی شدید زخمی ہوگئے اور ان کے دو بچے بھی زخمی ہونے کے نتیجہ میں انہیں ریاض کے سلمان حبیب ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ یوسف علی کے علاج کے دوران دونوں پیر کاٹ دیئے گئے تھے اور سر پر بھی گہرا زخم آیا تھا جس کے نتیجہ میں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور آج وہ علاج کے دوران جاں بحق ہوگئے۔ اسی حملے میں زخمی ان کے دو بیٹے 18 سالہ امان جو بنجارہ ہلز کے مفخم جاہ انجینئرنگ کالج میں داخلہ لیا تھا جبکہ ان کا ایک اور بیٹا 15 سالہ وسیع جو حافظ قرآن ہے دونوں زخمی ہوگئے۔ اس حملے میں یوسف علی کی اہلیہ سمیرا اور 11 سالہ دختر مریم جو مہدی پٹنم سینٹ اینس اسکول کی چھٹی جماعت کی طالبہ ہے محفوظ رہے۔ یوسف علی کے حوثیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے اور دو بیٹے شدید زخمی ہونے پر حیدرآباد میں مقیم ان کے افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی اور مہدی پٹنم کے اپارٹمنٹ میں لوگ غم زدہ ہوگئے۔ اکبر ہاشمی جو گریس پیراڈائز اپارٹمنٹ کے مالک ہیں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ یوسف علی نے دیڑھ سال قبل ان کے اپارٹمنٹ کے فلیٹ نمبر 202 حاصل کیا تھا، یوسف علی سعودی عرب میں ملازمت کرتے تھے جبکہ ان کے افراد خاندان مذکورہ فلیٹ میں مقیم تھا۔ تدفین سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے ۔ F