l مہلوکین میں 4سعودی، 2 بنگلہ دیشی، اردن، شام، سوڈان، فلسطین اور مصر کا ایک‘ ایک شہری شامل
l 309 زخمیوں میں11ہندوستانی شامل‘ دمام ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا‘ سرگرمیاں عارضی طور پر معطل
ریاض ۔11؍اکتوبر ( ایجنسیز) ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ کی سہ پہر ہوئے حملہ میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 309 افراد زخمی ہوئے ہیں۔سعودی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اتوار کی صبح بیان میں کہا کہ مرنے والوں میں چار سعودی، دو بنگلہ دیشی، ہندوستان، امریکہ، اردن، شام، سوڈان، فلسطین اور مصر کا ایک ایک شہری شامل ہے۔309 زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتا ئی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں 11ہندوستانی ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیا کے مطابق بیان میں کہا گیا حملے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ریاض ایئر پورٹ پر حملے کے چند گھنٹے بعد دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا کہ دمام ایئر پورٹ کے قریب ایک پروجیکٹائل گرا ہے۔ پہلی مرتبہ مملکت کے مصروف ترین ٹرانسپورٹ مراکز میں سے ایک دمام ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔اس سے قبل سعودی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیان میں کہا تھا کہ ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے نئے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آپریشنل سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں تاکہ مکمل نقصان کا جائزہ اور تنصیات کی سیفٹی کو یقینی جا سکے۔تازہ اطلاع کے مطابق حوثیوں کی جانب سے ایک اور حملہ کیا گیا ہے جس میں بعض افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ریاض ایرپورٹ حملہ میں زخمی ہونے والوں کا مختلف ہاسپٹلس میں علاج جاری ہے۔ سعودی حکام نے ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی ۔
اکاسا ایئر لائن کی تمام پروازویں 13 اکتوبر تک معطل
سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانے نے اطلاع دی ہے کہ اکاسا ایئر لائن نے ریاض آمد و رفت کرنے والی سبھی پروازوں کی معطلی میں13 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ اکاسا ایئر لائن نے ایکس پر لکھا ہے کہ ریاض میںسیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اکاسا ایئر نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ہم صورتحال پر حقیقی وقت کی بنیاد پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایئر لائن نے مزید کہا کہ متاثرہ مسافر کو مکمل رقم کی واپسی (فل ریفنڈ) کا اختیار ہے، جس کے تحت 7 دنوں کے اندر رقم کی ادائیگی کر دی جائے گی یا بغیر کسی اضافی چارج کے اپنے سفر کی تاریخ تبدیل کر سکتے ہیں۔
مسافروں اور عملے کی حفاظت اور خیر وعافیت ہماری اولین ترجیح ہے۔