ریاض کے سفارت خانہ کی محدود اِسٹاف کیساتھ خدمات جاری

   

ریاض ۔ (کے این واصف) سفارت خانہ ہند ریاض کورونا وائرس کی وباء سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر محدود اسٹاف کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے۔ الیکٹرانک میڈیا کے کچھ گوشوں نے منگل کے روز یہ خبر نشر کی کہ سفارت خانہ ہند ریاض پوری طرح بند کردیا گیا ہے جو بے بنیاد خبر ہے۔ اس سلسلے میں نمائندہ سیاست نے سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے کے دو اہم شعبے جو ہندوستانی تارکین وطن کی ضروری خدمات انجام دیتے ہیں، وہ شعبے ہمیشہ کی طرح کام کررہے ہیں۔ یہ شعبے کونسلر سیکشن اور کمیونٹی ویلفیر سیکشن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایمبیسی میں عام داخلہ ممنوع کیا گیا ہے، سوائے ایمرجنسی معاملات کے سفارت خانہ میں عام داخلہ ممنوع ہے۔ کونسلر خدمات کیلئے ہندوستانی باشندے ایمبیسی کے آؤٹ سورس آفس VFS سے رابطہ کرسکتے ہیں جس کی مملکت میں قائم تمام شاخیں کام کررہی ہیں۔ ڈاکٹر اوصاف نے بتایا کہ وندے بھارت مشن کے تحت چلنے والی پروازیں اپنے شیڈیول کے مطابق چل رہی ہیں۔ تخلیہ مشن کی پروازیں اعلان کردہ پروگرام کے مطابق چل رہی ہیں۔ اس میں رکاوٹ نہیں پیدا ہوئی ہے۔ جبکہ ہندوستان کے کچھ یوٹیوب چیانلس نے اپنی نشریات میں بتایا ہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں ہندوستانی باشندے وطن واپسی کیلئے بے چین ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ یہ سراسر غلط اور بے بنیاد خبر ہے۔ واضح رہے کہ ان دنوں وندے بھارت مشن کے تخلیہ آپریشن کا چوتھا مرحلہ چل رہا ہے جو 10 جولائی کو ختم ہوگا۔ آج کل خبریں نشر کرنے والے یوٹیوب چیانلس برساتی مینڈکوں کی طرح اُبل پڑے ہیں۔ جن کے اپنے کوئی نمائندے نہیں ہوتے۔ بس سنی سنائی باتوں اور افواہوں کو خبر بناکر پیش کردیتے ہیں جو صحافتی اقدار کے مغائر ہے۔