ریا چکرورتی نے قیدیوں کیلئے جیل میں ناگن ڈانس کیا

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکار ریا چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ضمانت ملنے کے بعد جیل میں موجود خواتین کیلیے ڈانس کیا تھا۔ واضح رہے کہ ریا چکرورتی کو آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی مقدمہ میں گرفتارکیا گیا تھا، تاہم کچھ ماہ جیل میں گزارنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ریا نے جیل میں گزارے اپنے وقت کے بارے میں بات کی اور یہ بھی بتایا کہ جیل سے باہر آنے سے پہلے انہوں نے کیا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے باہرآکر سب سے پہلے جیل میں اپنے دوستوں کیلئے ناگن ڈانس کیا تھا۔ ریا کے بموجب میں نے اپنی دوستوں سے وعدہ کیا تھا کہ میں جیل سے باہر جانے سے پہلے انکے لیے ناگن ڈانس کروں گی۔ ریا نے بتایا کہ وہاں موجود خواتین نے حیرانی سے پوچھتی تھیں کہ ’آپ ہیروئن ہو؟ آپ ڈانس کرکے دکھاؤ‘۔ میں غمزدہ تھی کیونکہ میری ضمانت ہوگئی تھی، لیکن میرے بھائی کی ضمانت نہیں ہوئی تھی۔ جیلر میرے پاس آیا اورکہا کہ میں انہیں (جیل میں موجود خواتین کو) کہہ چکا ہوں کہ آپ ڈانس نہیں کرسکتیں لیکن میں نے جیلر سے کہا کہ میں انکے لیے ڈانس کرنا چاہتی ہوں کیونکہ دوبارہ کب میں انہیں دیکھوں گی؟ ریا نے بتایا کہ میں نے سوچا کہ انکے اتنے مشکل وقت میں شاید کچھ خوشیاں انہیں دے سکوں لہٰذا میں نے انکے لیے ڈانس کیا، وہ ناگن ڈانس تھا اور وہاں موجود تمام قیدیوں نے بھی میرے ساتھ ڈانس کیا اور وہ تمام بہت خوش ہوئیں۔ اداکارہ نے جیل میں گزارے اپنے لمحات میں سے ایک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش قسمت تھی کہ میرے پاس گھر والے تھے جو میری ضمانت کرواسکتے تھے کیونکہ وہاں ایسی بھی خواتین تھیں جن کے پاس گھر والوں کی کوئی مدد نہیں تھی وہ 10 اور حتیٰ کہ 5 ہزار روپے بھی ضمانت ادا نہیں کرسکتی تھیں ۔ خیال رہے کہ ریاچکرورتی کو ستمبر2020 میں سشانت سنگھ خودکشی مقدمہ میں منشیات کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔