حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ ( سیاست نیوز ) ریجنل رنگ روڈ ( RRR ) کے شمالی حصہ کی تعمیر کے آغاز میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے کیونکہ اس کیلئے مرکز سے کئی منظوریاں حاصل ہونا ہنوز باقی ہے ۔ حالانکہ ریاستی حکومت نے اکٹوبر 2024 میں اس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن مختلف رکاوٹوں کی وجہ اس میں تاخیر ہورہی ہے ۔ چونکہ اس پراجکٹ کو ایک نیشنل ہائی وے قرار دیا گیا ہے اور اس میں بڑی سرمایہ کاری ہوگی ، اس کیلئے مرکزی کابینہ سے منظوری حاصل ہونا ضروری ہے ۔ مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی اس کی تعمیر کا آغاز ہوگا ۔ حال میں اس پراجکٹ کیلئے محکمہ جنگلات کی منظوری وصول ہوئی ہے تاہم ماحولیاتی منظوری زیرالتواء ہے ۔