ممبئی، 8 اگست (یو این آئی) ریلائنس انڈسٹریز نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس کی ٹیلی کام سروس یونٹ ریلائنس جیو سال 2030 تک مکمل طور پر گرین انرجی کا استعمال شروع کر دے گی۔ حال ہی میں جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے سال 2035تک خالص صفر کاربن کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس کے لیے وہ بیک وقت کئی محاذوں پر کام کر رہی ہے ۔ ریلائنس جیو سال 2030 تک 100فیصد گرین انرجی کا استعمال شروع کر دے گی۔ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کمپنی نے 23,699 مقامات پر شمسی توانائی کے پینل نصب کیے ہیں جو 212 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جیو نے کرناٹک کے بیدرمیں 35 میگاواٹ کی صلاحیت کا حامل ایک سینٹرلائزڈ سولر پلانٹ بھی لگایا ہے۔ جیو اپنے عالمی حریفوں کے مقابلے توانائی کی کارکردگی میں آگے ہے۔ جی ایس ایم اے آئی نے انرجی بینچ مارکنگ پر اپنی مارچ 2025 کی رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ جیو کی توانائی کی کھپت فی جی بی ٹریفک عالمی اوسط کا تقریباً 30 فیصد ہے ۔ ریلائنس انڈسٹریز نے اطلاع دی ہے کہ اس نے گجرات کے کچے میں ایک سولر پاور پلانٹ کے لیے زمین تیار کرنا شروع کر دی ہے ۔ کمپنی یہاں 150 ارب یونٹ بجلی پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ کمپنی جلد ہی گجرات کے کنڈلا میں دو ہزار ایکڑ پر گرین کیمیکل کی پیداوار شروع کرنے والی ہے ۔ ریلائنس کو کنڈلا اور لکادیہ 1 میں توانائی کی ترسیل کے دو پروجیکٹ بھی ملے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گجرات کے جام نگر میں ریلائنس کی سولر پی وی گیگا فیکٹری ایک گیگا واٹ سے زیادہ کی صلاحیت کے ساتھ آپریشنل ہو گئی ہے ۔ ریلائنس کا مقصد اس مالی سال میں 10 گیگا واٹ مربوط سولر پی وی مینوفیکچرنگ صلاحیت تک پہنچنا ہے ۔