ایندھن پر انحصار میں کمی ، آلودگی پر کنٹرول،کئی ترقی یافتہ ممالک میں الیکٹریفکیشن کا کام جاری
حیدرآباد ۔20 ۔ جولائی (سیاست نیوز) دنیا بھر میں عصری ٹرانسپورٹ سہولتوں کو ترقی کی اہم کلید تصور کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے الیکٹریفیکیشن کو کئی ممالک نے اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ روایتی طریقے سے ریلویز کی خدمات کو انجام دینے کی صورت میں آلودگی کا خطرہ برقرار رہے گا اور کم وقت میں مسافت طئے کرنا بھی مشکل ہے، لہذا ریلویز کو برقیانے کے ذریعہ ٹرینوں کی رفتار میں تیزی پیدا کی گئی جس کے نتیجہ میں بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی میں صنعتی ترقی میں بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ ریلوے الیکٹریفکیشن کے معاملہ میں سوئٹزرلینڈ دنیا میں سرفہرست ہے جہاں صد فیصد ریلوے لائنوں کو برقیانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ہندوستان 99.6 فیصد کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ ہندوستان نے گزشتہ 20 برسوں کے دوران ریلویز کو برقیانے پر خصوصی توجہ دی ہے اور براڈ گیج لائنوں میں اضافہ کیا گیا۔ ریلویز کو برقیانے کے معاملہ میں چین ، ساؤتھ کوریا ، جاپان ، جرمنی ، فرانس اور روس جیسے ممالک بھی ہندوستان سے پیچھے ہیں۔ چین میں ریلوے الیکٹریفکیشن کا کام 82 فیصد مکمل کیا گیا ہے جبکہ بلجیم میں 80 فیصد، ساؤتھ کوریا 78 فیصد ، اسپین 67 فیصد، جاپان 64 فیصد، جرمنی 62 فیصد، فرانس 60 فیصد اور روس میں 52 فیصد ریلوے کو برقیانے کا عمل مکمل ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹریفکیشن کے نتیجہ میں ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔ الیکٹریفیکیشن کے نتیجہ میں ریلوے ٹرانسپورٹ پر مسافرین کے انحصار اور بھروسہ میں اضافہ ہوا ہے۔ 1/k/a/b