ریلویز کے ٹکٹ پر نریندر مودی کی تصویر

   

سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کا اعتراض
حیدرآباد۔15 اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے وزارت ریلویز کی جانب سے مسافرین کو جاری کردہ ٹکٹ پر وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر پر شدید اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز نے بہار میں مسافرین کو جو ٹکٹ جاری کیئے ہیں اس پر پردھان منتری آواس یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے نریندر مودی کی تصویر لگائی گئی ہے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10مارچ سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے اور ریلویز کو اس طرح کے ٹکٹوں کی اجرائی سے گریز کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن سو رہا ہے؟ اسے یہ بے قاعدگی دکھائی کیوں نہیں دیتی؟ انہوں نے ریلویز حکام کی لاپرواہی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ کیا ریلوے عہدیدار انتخابی ضابطہ اخلاق سے واقف نہیں ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر کوئی بھی محکمہ عمل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ برسر اقتدار بی جے پی الیکشن کمیشن کے احکامات کو خاطر میں نہیں لارہی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن کے رول پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ میں ناکامی کے سبب اسے تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ برسر اقتدار پارٹی سرکاری مشنری کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ 22 سیاسی جماعتوں میں ای وی ایم مشینوں کی کارکردگی پر سوال اٹھائے اور بیالٹ پیپر کے ذریعہ رائے دہی کا مطالبہ کیا لیکن الیکشن کمیشن اس پر کوئی کارروائی نہیں کررہا ہے جو غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن موجودہ صورتحال میں اپنی خاموشی کے ذریعہ حکومت کی مدد کررہا ہے۔