دیہی اور شہری معیشت میں استحکام، ہندوستان میں 99.6 فیصد ریلوے نیٹ ورک کو الیکٹریفائی کیا گیا
حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) ریلویز کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے روایتی سسٹم کے کی بجائے الیکٹریفکیشن یعنی برقیانے پر کئی ممالک نے توجہ مرکوز کی ہے۔ ریلویز کو برقیانے کے نتیجہ میں نہ صرف مسافرین کو سہولت ہوئی بلکہ روایتی انداز میں ریلوے خدمات کو عصری بنانے میں مدد ملی ہے۔ برقیانے کے عمل سے مسافت کم وقت میں طے کی جاسکتی ہے۔ ہندوستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے ریلوے خدمات کو الیکٹریفائی کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہندوستان میں 99.6 فیصد ریلوے نیٹ ورک میں برقیانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ سوئٹزرلینڈ اور آرمینیا دنیا میں سرفہرست ہیں جہاں ریلوے نیٹ ورک صد فیصد الیکٹریفائی کیا گیا ہے۔ ہندوستان 99.6 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ لگزمبرگ اور مانٹینیگرو میں 95 فیصد تک ریلوے خدمات کو برقیانے کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ بلجیم، جارجیہ، ساوتھ کوریا، چین اور سویڈن میں ریلوے نیٹ ورک کو عصری بنانے کے کام 75 تا 90 فیصد مکمل ہوچکے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں ریلوے نیٹ ورک 5323 کیلو میٹر پر محیط ہے جبکہ ہندوستان میں ریلوے نیٹ ورک 70117 کیلو میٹر کا احاطہ کرتا ہے۔ چین میں ریلوے نیٹ ورک کے ذریعہ ایک لاکھ 65 ہزار کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا ہے لیکن وہاں ریلوے الیکٹریفکیشن کا کام 82 فیصد مکمل کیا گیا۔ ریلوے خدمات کو عصری بنانے کے ذریعہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے جس کا راست طور پر اثر شہری اور دیہی معیشت پر دیکھا جاسکتا ہے۔ 1؍F a/b/