رانچی: ریلوے نے جھارکھنڈ کے دھنباد شہر میں ایک مندر کو تجاوزات قرار دیتے ہوئے بھگوان ہنومان کو نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس میں بھگوان ہنومان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دنوں کے اندر مندر ہٹا لیں اور خالی کی گئی زمین ریلوے کے سیکشن انجینئر کو سونپ دیں۔یہ نوٹس شہر کے بے کار باندھ کے پاس واقع مندر کی دیوار پر چپکایا گیا ہے۔ یہ مندر سالوں قدیم ہے۔ اس میں براہ راست ہنومان جی کو خطاب کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ آپ کے ذریعہ ریلوے کی زمین پر ناجائز طریقے سے قبضہ کیا گیا ہے۔ یہ قانوناً جرم ہے۔ 10 دنوں میں یہ جگہ خالی نہ کیے جانے پر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس کے آخری لائن میں ہدایت دی گئی ہے کہ اسے انتہائی ضروری سمجھیں۔ ریلوے کے اس نوٹس پر مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ریلوے نے مندر کے پاس واقع کھٹک بستی میں مقیم تقریباً پانچ درجن لوگوں کو تجاوزات کے خلاف نوٹس بھیجا ہے۔ اسی دوران ہنومان مندر کو بھی تجاوزات قرار دیا گیا ہے۔