ریونت ریڈی، مہیش کمار گوڑ اور سرکردہ قائدین دہلی پہنچ گئے

   

چیف منسٹر نے گوا میں پارٹی کی یاترا میں شرکت کی، نئی دہلی میں آج کانگریس کی جانب سے احتجاج
حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ کے تمام سرکردہ کانگریس قائدین کل 12 اکتوبر کو نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں حصہ لیں گے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تمام ریاستوں کے سرکردہ قائدین کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینوگوپال کی جانب سے ریاستوں کے پردیش کانگریس صدور کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور دیگر ریاستوں میں اپوزیشن قائدین، ارکان اسمبلی اور کونسل ، ضلع کانگریس صدور، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کو نئی دہلی کے احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ریاست کے تمام عوامی نمائندوں اور اہم قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں پیر کے دن نئی دہلی میں موجود رہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی دو دن تک نئی دہلی میں رہے اور انڈیا اتحاد کے احتجاج میں حصہ لیا۔ کانگریس پارٹی نے نئی دہلی میں 12 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان کیا ہے اور تلنگانہ قائدین کی قیادت چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے۔ نئی دہلی کے احتجاج کے پیش نظر خشک سالی کی صورتحال پر طلب کردہ کابینہ کا خصوصی اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ پارٹی کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تمام ارکان نئی دہلی پہنچ چکے ہیں اور وزراء اور عوامی نمائندے بھی تقریباً نئی دہلی پہنچ گئے جبکہ دیگر قائدین پیر کی صبح کی فلائٹ سے دارالحکومت پہنچ جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس قائدین اتحادی جماعتوں کے ساتھ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ملاقات کے موقع پر کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس بھی موجود رہیں گے۔ اسی دوران ریونت ریڈی آج گوا روانہ ہوئے اور وہاں انہوں نے کانگریس پارٹی کی ’’گوا بچاؤ‘‘ عنوان سے یاترا میں حصہ لیا۔ گوا کانگریس کے صدر گریش چوڑنکر نے بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کے لئے 27 روزہ یاترا کا آغاز کیا ہے جو 40 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے 18 اکتوبر کو اختتام کو پہنچے گی۔ ریونت ریڈی نے دو اسمبلی حلقہ جات میں یاترا میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر گوا میں پارٹی یاترا میں شرکت کے بعد نئی دہلی پہنچ چکے ہیں تاکہ پیر کے دن آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے احتجاج میں شریک ہوں۔ تلنگانہ کے بیشتر وزراء بھی توقع ہے کہ احتجاجی پروگرام میں شریک ہوں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ 1؍F