ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے کو کے ٹی آر کی لیگل نوٹس

   

الزامات سے دستبرداری کا مطالبہ، بصورت دیگر 100 کروڑ کے ہتک عزت کے مقدمہ کا انتباہ

حیدرآباد۔28۔مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے امتحانی پرچوں کے افشاء پر ان کیخلاف جھوٹے و بے بنیاد الزامات عائد کرنے والے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لیگل نوٹس روانہ کی ہے ۔ جھوٹے الزامات عائد کرنے پر برسر عام ان سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ برسر عام معافی نہ مانگنے پر 100 کروڑ روپئے کے ہتک عز ت کا مقدمہ دائر کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوںکے افشاء میں ملوث ہونے کا راست طور پر وزیر کے ٹی آر پر الزام عائد کیا ہے ، ساتھ ہی انہیں وزارت سے بیدخل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے دو دن قبل دونوں قائدین کو لیگل نوٹس جاری کرنے کا انتباہ دیا تھا اور آج جاری کردیا۔ نوٹس میں کے ٹی آر نے پرچوں کے افشاء میں ان کے نام کو گھسیٹنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے عوامی زندگی میں ہیں۔ ان کی عزت کو داغدار بنانے کیلئے ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے نے ان کے خلاف بار بار جان بوجھ کر جھوٹے الزامات عائد کیے، صرف عوامی منتخب نمائندے ہونے کی وجہ سے کسی کے بھی خلاف بے بنیاد الزامات نہیں لگاسکتے لہذا انہوں نے 499,500 آ ئی پی سی قواعد کے مطابق ہتک عزت مقدمہ کے تحت نوٹس روانہ کی ہے۔ ابھی وقت ہے ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے ان کے خلاف جو الزامات عائد کئے ہیں ، اس سے دستبردار ہوجائیں اور ان سے معافی مانگ لیں۔ اگر اندرون ایک ہفتہ ان کے خلاف جو ریمارکس کئے گئے ہیں، اس سے دستبرداری اختیار نہ کرنے کی صورت میں انہیں100 کروڑ روپئے کے ہتک عزت کے مقدمہ کاسامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کا انتباہ دیا۔ن
بی جے پی کا مطلب بلا تکار جسٹیفکیشن پارٹی: کے ٹی آر

حیدرآباد۔28۔مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بی جے پی کی نئی اصطلاح پیش کرتے ہوئے اس کو ’’ بلا تکار جسٹیفیکشن پارٹی‘‘ قرار دیا۔ عصمت ریزی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا بی جے پی قائدین کی ذہنیت کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے ’’آمرت کال میں خوش آمدید‘‘ کا طنزیہ ٹوئیٹ کرتے ہوئے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بلقیس بانو کی عصمت ریزی کرنے والے مجرمین کی جیل سے رہائی کے بعد سے بی جے پی کے قائدین جشن منارہے ہیں ، انہیں پھولوں کا ہار پہناتے ہوئے بڑے پیمانے پر استقبال کیا جارہا ہے ۔ تازہ طور پر انہیں سرکاری تقریب میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی نے سہ نشین پر بٹھایا۔ گجرات میں بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے 11 مجرمین کو معافی پر رہا کیا ہے۔ بلقیس بانو اجتماعتی عصمت ریزی کے مجرمین کی بی جے پی کی جانب سے حوصلہ افزائی کی ہر کوشہ سے مذمت کی جارہی ہے ۔ن