سری ہری کا چیلنج،ضمانتوں پر عمل آوری میں کانگریس ناکام
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر کڈیم سری ہری نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ کی تمام 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دکھائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے چیوڑلہ میں چیف منسٹر کی تقریر پر سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کے ٹی آر کو لوک سبھا کی ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل کرکے دکھانے کا چیلنج کیا تھا۔ سری ہری نے کہا کہ چیف منسٹر کیلئے اس طرح کی زبان کا استعمال زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریونت ریڈی جس وقت ملکاجگیری کے رکن پارلیمنٹ تھے اسمبلی چناؤ میں پارلیمانی حلقہ کی ایک بھی اسمبلی نشست پر کانگریس کو کامیابی کیوں نہیں ملی؟ ۔ سری ہری نے کہا کہ اگر ریونت ریڈی میں واقعی ہمت ہو تو وہ لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ کی تمام 17 نشستوں پر کانگریس کو کامیاب بناکر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے بچنے کیلئے بی آر ایس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 دن میں چھ ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن حکومت عمل آوری سے بچنے کے بہانے تلاش کررہی ہے۔ کے سی آر پر خزانہ خالی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عوام کو وعدوں سے محروم کیا جاسکتا ہے۔ سری ہری نے کہا کہ ریونت ریڈی کو جاننا چاہیئے کہ چیف منسٹر کی کرسی وراثت میں یا انعام میں حاصل نہیں ہوئی ہے بلکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے اس کرسی پر فائز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 دن کی تکمیل سے قبل ہی کانگریس حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پیدا ہوچکی ہے۔1