ریونت ریڈی کا دوسری مرتبہ ریاست کا چیف منسٹر بننے کا دعویٰ

   

پہلی مرتبہ بی آر ایس کی مخالفت میں ووٹ ، دوسری مرتبہ کانگریس کی محبت میں ووٹ ملے گا

حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) ریونت ریڈی نے دوسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے یقین کا اظہار کیا ہے۔ پہلی مرتبہ بی آر ایس کی مخالف لہر سے وہ چیف منسٹر بنے تھے دوسری مرتبہ عوام مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ دیں گے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنر خطبہ کے اظہارتشکر کی قرراداد منظور ہونے کے بعد چیف منسٹر نے میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام نے کانگریس پر جن توقعات کا اظہار کیا تھا اس بھروسہ کو قائم رکھنے کیلئے وہ دن رات کام کررہے ہیں۔ ان کے دہلی دوروں کی گنتی کرتے ہوئے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ وہ ریاست کے مفادات کی تکمیل کیلئے 39 نہیں ضرورت پڑنے پر 300 مرتبہ بھی دہلی کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ اسٹیچر کیلئے نہیں بلکہ اسٹیٹ کے فیوچر کیلئے کام کررہے ہیں۔ ریاست کی معاشی طاقت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس کا کام ختم ہوگیا۔ بی جے پی پر عوام بھروسہ نہیں کرتے دوسری مرتبہ بھی ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور وہ ہی دوسرے مرتبہ چیف منسٹر بنیں گے۔ وہ کام کو اہمیت دیتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ فلاحی اسکیمات سے فائدہ اٹھانے والے عوام ہی کانگریس کو ووٹ دیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ خواتین اب فی الوقت خاموش ہے مگر جب ووٹ دینے کا وقت آئے گا تو کانگریس پر ہی بھروسہ جتائیں گے۔ ماضی میں انہوں نے جو پیش قیاسی کی تھی وہی ہوا اور مستقبل میں بھی وہی ہوگا جو میں کہوں گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مردم شماری پر بجٹ تخمینہ طلب کیا ہے اور 2027ء میں مردم شماری کرنے کی اطلاع دی ہے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ جنوبی ریاستوں کو نقصان نہ پہنچے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام نے بی آر ایس کی مخالفت میں کانگریس کووٹ دیا دوسری مرتبہ کانگریس کی محبت میں ووٹ دیں گے۔2