آج بی آر ایس کے قائدین میڈی گڈہ اور انارم بیارج کا معائنہ کریں گے
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے مقابلہ کرنے کا چیف منسٹر کو چیلنج کیا ۔ وہ اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوں گے ۔ ریونت ریڈی چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ۔ محفوظ کھیل کھیلنے کے بجائے براہ راست مقابلہ کرنے پر زور دیا ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی کے لیے منتخب ہونے تک ریونت ریڈی حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کی نمائندگی کرتے تھے ۔ اس لیے وہ ریونت ریڈی کو چیلنج کررہے ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہو کر دوبارہ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے مقابلہ کریں ۔ وہ بھی اسمبلی حلقہ سرسلہ سے مستعفی ہو کر ملکاجگیری سے مقابلہ کریں گے ۔ کون کتنے طاقتور ہے نتائج سے معلوم پڑ جائے گا ۔ ماضی میں ریونت ریڈی ، کوڑنگل اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں چیلنج کر کے راہ فرار اختیار کی تھی ۔ ایسے ریونت ریڈی کی کوئی اوقات نہیں ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مجھے ( کے ٹی آر ) کو بار بار مینجمنٹ کوٹہ قرار دے رہے ہیں ۔ پھر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کونسے کوٹہ کے ہیں جب کہ ریونت ریڈی پے منٹ کوٹہ کے ہیں ۔ پیسے دے کر انہوں نے عہدہ حاصل کیا ہے ۔ پے منٹ کوٹہ ہونے کی وجہ سے ریونت ریڈی دہلی کو پے منٹ کررہے ہیں ۔ بلڈرس اور تاجروں کو بلیک میل کرتے ہوئے دہلی کا پیٹ بھر رہے ہیں ۔ ریونت ریڈی کے سیس پر بلڈرس اور تاجرین بہت جلد سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ہماری حکومت میں غلطیاں ہوئی ہوں گی ۔ تمام چیزیں چیف منسٹر اور وزراء کو معلوم رہنا ضروری نہیں ہے ۔ اگر غلطیاں ہوئی ہیں تو حکومت تحقیقات کر کے کارروائی کریں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 2 مارچ کے بعد بی آر ایس پارٹی لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرے گی ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کا انتخاب کرنے کے معاملے میں پارٹی قائدین سے مشاورت کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس یکم مارچ کو میڈی گڈہ اور انارم کا دورہ کرے گی ۔ میڈی گڈہ کے نقصان پہونچنے والے پلرس اور انارم بیارج کا معائنہ کریں گے ۔ انارم بیارج کے پاس ہریش راؤ اور کڈیم سری ہری میڈیا سے خطاب کریں گے ۔ حکومت سیاسی فائدے کے لیے ڈیم کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے ۔۔ 2