ریونت ریڈی کے خلاف نرملا سیتا رامن کے ریمارکس کی سی پی آئی نے مذمت کی

   


جنوبی ہند کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا احتجاج
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے لوک سبھا میں ریونت ریڈی کی ہندی کے بارے میں وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے تبصرہ کو انتہائی قابل اعتراض قرار دیا اور کہا کہ یہ تبصرہ دراصل نرملا سیتا رامن کے غرور اور تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ اسپیکر کی جانب سے فوری طور پر ریونت ریڈی کے تحفظ کی کوشش نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین جنوبی ریاستوں کے ساتھ تحقیر کا رویہ اختیار کررہے ہیں جس کا اظہار نرملا سیتا رامن کے تبصرہ سے ہوتا ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ وزیر فینانس کو اپنے الفاظ فوری واپس لیتے ہوئے افسوس کا اظہار کرنا چاہیئے۔ سی پی آئی قائد نے سوال کی کہ پارلیمنٹ میں کسی رکن کی جانب سے ہندی میں تقریر کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے توہین کرنا کہاں تک درست ہے۔ زبان کی بنیاد پر کسی بھی رکن کی توہین کو عوام برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی کے استعمال پر حوصلہ شکنی کرنے سے ہندی کو فروغ حاصل نہیں ہوگا۔ وزیر فینانس کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی سکریٹری نے کہا کہ نرملا سیتا رامن نے بھری سبھا میں ریونت ریڈی کی ہندی کا مذاق اُڑانے کی کوشش کی ہے۔ ایک معزز رکن کے بارے میں اس طرح کا تبصرہ کرنا افسوسناک ہے۔ اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان کے محافظ کے طور پر ایوان کے ہر رکن کے وقار کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نرملا سیتا رامن کے ریمارک جنوبی ریاستوں کے ساتھ بی جے پی کے رویہ کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے نویں شیڈول میں شامل 22 زبانوں میں اظہار خیال کا پارلیمنٹ میں اختیار حاصل ہے۔ مرکزی وزیر کو چاہیئے تھا کہ وہ ریونت ریڈی کی حوصلہ افزائی کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہیئے۔ر